ہومتازہ تریناوپیک پلس کا بڑا فیصلہ، سعودی عرب سمیت 7ممالک تیل کی پیداوار میں تبدیلی کریں گے

اوپیک پلس کا بڑا فیصلہ، سعودی عرب سمیت 7ممالک تیل کی پیداوار میں تبدیلی کریں گے

ریاض(آئی پی ایس ) اوپیک پلس کے رکن سعودی عرب سمیت سات تیل پیدا کرنے والے ممالک نے عالمی منڈی میں توازن اور استحکام برقرار رکھنے کے لیے تیل کی پیداوار میں یومیہ ایک لاکھ 88 ہزار بیرل ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ کر لیا ہے۔

اوپیک پلس کے جاری بیان کے مطابق اس فیصلے میں سعودی عرب کے علاوہ روس، عراق، کویت، قازقستان، الجزائر اور عمان بھی شامل ہیں۔تنظیم کا کہنا ہے کہ پیداوار میں یہ ردوبدل عالمی منڈی کی موجودہ صورتحال، طلب و رسد کے توازن اور قیمتوں میں استحکام کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ رکن ممالک مارکیٹ کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور ضرورت پڑنے پر پیداوار کی سطح میں مزید مناسب تبدیلیاں بھی کی جا سکتی ہیں تاکہ عالمی توانائی منڈی میں استحکام برقرار رہے۔اوپیک پلس نے واضح کیا کہ تیل کی پیداوار سے متعلق یہ حکمت عملی باہمی مشاورت اور رضاکارانہ تعاون کے تحت اختیار کی گئی ہے، جس کا مقصد عالمی معیشت اور توانائی کی ضروریات کے درمیان توازن قائم رکھنا ہے۔تنظیم کے مطابق ان سات ممالک کا اگلا اجلاس 2 اگست 2026 کو منعقد ہوگا، جس میں عالمی تیل مارکیٹ کی تازہ صورتحال، طلب و رسد، قیمتوں کے رجحانات اور آئندہ کی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا، اجلاس میں ضرورت کے مطابق پیداوار سے متعلق مزید فیصلے بھی کیے جا سکتے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔