ہومپاکستاناسلام آباد ہائی کورٹ میں نان ایم ٹیگ اور کم بیلنس ایم ٹیگ گاڑیوں پر 50 فیصد جرمانہ چیلنج

اسلام آباد ہائی کورٹ میں نان ایم ٹیگ اور کم بیلنس ایم ٹیگ گاڑیوں پر 50 فیصد جرمانہ چیلنج

اسلام آباد:(سب نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ میں نان ایم ٹیگ گاڑیوں اور کم بیلنس والی ایم ٹیگ گاڑیوں پر 50 فیصد اضافی ٹول/جرمانہ عائد کرنے کے اقدام کو چیلنج کر دیا گیا۔

وکیل محمد جلال حیدر نے وزارتِ مواصلات، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) اور دیگر متعلقہ فریقین کے خلاف درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ این ایچ اے نے 30 مئی 2025 کو جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے ذریعے نان ایم ٹیگ اور کم بیلنس ایم ٹیگ گاڑیوں پر اضافی 50 فیصد ٹول/جرمانہ عائد کیا، جو قانون سے متصادم ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ این ایچ اے ایکٹ کی دفعہ 10 کے تحت صرف ٹول ٹیکس وصول کیا جا سکتا ہے، جبکہ قانون میں نہ نان ایم ٹیگ گاڑیوں پر جرمانے کا کوئی ذکر موجود ہے اور نہ ہی کم بیلنس ایم ٹیگ گاڑیوں پر اضافی جرمانہ عائد کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

درخواست گزار کے مطابق این ایچ اے قانونی اختیار کے بغیر دونوں کیٹیگریز سے اضافی رقم وصول کر رہا ہے، جو آئین کے آرٹیکل 4، 18، 24 اور 25 کی بھی خلاف ورزی ہے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ 30 مئی 2025 کا نوٹیفکیشن غیر آئینی قرار دے کر کالعدم کیا جائے، اس کے تحت عوام سے وصول کی گئی اضافی جرمانے کی رقم واپس کرنے کا حکم دیا جائے، جبکہ ایم ٹیگ بیلنس کے نظام، اس کے طریقۂ کار اور استعمال سے متعلق مکمل تفصیلات بھی این ایچ اے سے طلب کی جائیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔