اسلام آباد(آئی پی ایس )ایف آئی اے امیگریشن نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے البانیہ ورک ویزا پر سفر کرنے والے مسافر کو مشتبہ جعلی ای پروٹیکٹر کی بنیاد پر آف لوڈ کر دیا۔ مسافر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی پرواز نمبر PK233 کے ذریعے دبئی کے راستے البانیہ جا رہا تھا۔ امیگریشن کانٹر پر مسافر کے پروٹیکٹر کی تفصیلات آئی بی ایم ایس سسٹم میں ظاہر نہ ہونے پر اسے دستاویزات کی تصدیق کے لیے ریفر کیا گیا۔
مزید تصدیق کے لیے مسافر کی جانب سے فراہم کردہ ای پروٹیکٹر، رجسٹریشن نمبر 10152724، کی بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے متعلقہ ڈیوٹی اہلکار سے تصدیق کروائی گئی، جس کے نتیجے میں دستاویز جعلی قرار پائی۔مسافر کو آف لوڈ کرکے مزید قانونی کارروائی کے لیے،ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ایف آئی اے امیگریشن کی جانب سے مسافروں کی سفری دستاویزات کی جانچ پڑتال اور جعل سازی کی روک تھام کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
