لاہور(آئی پی ایس )پنجاب کنٹرول آف ہیبیچوئل افینڈرز بل پر اعتراضات سامنے آنے کے بعد وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے مجوزہ بل کو روک دیا ہے اور اس پر ازسرنو غور کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے پنجاب اسمبلی کی جانب سے واپس بھجوائے جانے والے پنجاب کنٹرول آف ہیبیچوئل افینڈرز بل 2026 پر دوبارہ غور کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔
انہوں نے مجوزہ بل کو روکتے ہوئے نئے بل کی تیاری کی ہدایت بھی جاری کر دی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی کی جانب سے بل پنجاب حکومت کو واپس بھجوا دیا گیا ہے، جبکہ وزیراعلی پنجاب نے بل کی ایک ایک شق پر تفصیلی غور و خوض کرنے کا حکم دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مجوزہ بل میں سماج مخالف رویے اور غنڈہ عناصر کی تعریف سے متعلق تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کی جائے گی تاکہ قانون سازی تمام متعلقہ آرا کو سامنے رکھتے ہوئے کی جا سکے۔ذرائع نے بتایا کہ وزیراعلی مریم نواز نے بل پر ازسرنو غور کرنے کے حوالے سے یقین دہانی کرائی ہے۔ ان کے مطابق بل کا بنیادی مقصد معاشرے میں انصاف کو یقینی بنانا اور پسے ہوئے طبقات کو ظلم سے نجات دلانا ہے۔ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی میں مجوزہ بل پر 2 ریڈنگ مکمل ہو چکی تھیں، جبکہ اس کی حتمی (فائنل) ریڈنگ ابھی باقی تھی۔
