اسلام آباد (آئی پی ایس )آزاد کشمیر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کالعدم قرار دی گئی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے اہم کور ممبر شوکت نواز میر کو گرفتار کر لیا ہے۔پولیس کے مطابق وہ مختلف مقدمات میں مطلوب تھے اور انہیں دھیرکوٹ کی حدود میں کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔ایس ایس پی مظفرآباد ریاض مغل نے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ شوکت نواز میر کو دھیرکوٹ کے علاقے میں کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر مظفرآباد منیر قریشی نے بتایا ہے کہ شوکت نواز میر کو مظفرآباد اور باغ کی درمیانی حدود سے گرفتار کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی پر عوام کو ریاست کے خلاف بھڑکانے کا الزام ہے، ایکشن کمیٹی آزاد کشمیر اسمبلی میں مہاجرین کی نشستیں ختم کرنے کا مطالبہ کررہی ہے۔آزاد کشمیر کے محکمہ داخلہ نے شوکت نواز میر سمیت 4 سرگرم رہنماں کی گرفتاری میں معاونت کرنے والوں کو انعامات دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔
ایکشن کمیٹی کے جن رہنماں کے نام انعامی فہرست میں شامل کیے گئے ہیں ان میں شوکت نواز میر، عمر نذیر کشمیری، خواجہ مہران ارشد اور سردار امان شامل ہیں۔مذکورہ رہنماں اور بعض دیگر افراد کے خلاف بغاوت، ریاستی اداروں کے خلاف نفرت یا اشتعال انگیزی پھیلانے، امن عامہ میں خلل ڈالنے، سرکاری امور میں مداخلت اور دیگر متعلقہ قانونی دفعات کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
