ہومبریکنگ نیوزاسلام آباد میں 350 ایکڑ پر جدید وائلڈ لائف سفاری پارک بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد میں 350 ایکڑ پر جدید وائلڈ لائف سفاری پارک بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد: (سب نیوز) کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے وفاقی دارالحکومت میں 350 ایکڑ رقبے پر جدید وائلڈ لائف سفاری پارک قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ مجوزہ سفاری پارک بھارہ کہو کے قریب مری روڈ کے ساتھ ملپور فاریسٹری پارک کے علاقے میں تعمیر کیا جائے گا، جبکہ منصوبے کا ڈیزائن بھی تیار کر لیا گیا ہے۔

سی ڈی اے کے مطابق سفاری پارک کی تعمیر کے دوران قدرتی جنگلات کو مکمل طور پر محفوظ رکھا جائے گا اور منصوبے پر عملدرآمد ماحول کو نقصان پہنچائے بغیر کیا جائے گا۔

مجوزہ سفاری پارک میں 3 ہزار 605 جانوروں کے لیے قدرتی طرز کی رہائش گاہیں قائم کی جائیں گی، جبکہ منصوبے کے تحت 10 مختلف سفاری اور وائلڈ لائف سینکچری زونز بھی بنائے جائیں گے۔

منصوبے میں ایک ہزار کنال پر مشتمل پاکستان کا سب سے بڑا انگولیٹ سفاری زون قائم کیا جائے گا، جبکہ شیروں، ٹائیگرز، ریچھوں اور ہائینا کے لیے الگ بگ کیٹ زون بھی بنایا جائے گا۔ اس کے علاوہ مگرمچھ، گینڈے، ہاتھی اور دریائی گھوڑے کے لیے خصوصی سینکچریز بھی قائم کی جائیں گی۔

سی ڈی اے کے مطابق سفاری پارک میں جدید طرز کا ڈیجیٹل میوزیم، ایک کلومیٹر طویل فاریسٹ کینوپی واک، دو کلومیٹر طویل چیئر لفٹ ٹریک، کوئی فش پانڈ، قدرتی جھیل اور برج واک جیسی سہولیات بھی شامل ہوں گی۔

پارک میں بچوں کے لیے جنگل پلے ایریا اور زپ لائن کی سہولت فراہم کی جائے گی، جبکہ مرکزی حصے میں سفاری ولیج، لاجز اور مختلف تفریحی سرگرمیوں کے مراکز بھی قائم کیے جائیں گے۔

مجوزہ سفاری فوڈ اسٹریٹ براہ راست مری روڈ سے منسلک ہوگی اور اس میں متعدد ریسٹورنٹس قائم کیے جائیں گے۔ منصوبے کے تحت جانوروں کے علاج کے لیے عالمی معیار کا وائلڈ لائف کیئر کمپلیکس، جدید ویٹرنری اسپتال اور قرنطینہ سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔

سی ڈی اے کا کہنا ہے کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد اسلام آباد عالمی معیار کی سفاری سیاحت کے ایک نئے مرکز کے طور پر ابھرے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔