اسلام آباد (آئی پی ایس )نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ نے چینی کمیونسٹ پارٹی کے قیام کی 105ویں سالگرہ کے موقع پر وزیرِ خارجہ وانگ یی کو مبارکباد پیش کی۔ دونوں رہنماں کے درمیان ہونے والی گفتگو میں ایران اور امریکہ کے درمیان امن عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، بالخصوص برگن اسٹاک میں منعقد ہونے والے اعلی سطحی مذاکرات کے پہلے دور پر، جس میں پاکستان اور قطر نے ثالثی کا کردار ادا کیا۔
نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ نے آگاہ کیا کہ ان مذاکرات کے نتیجے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت ثالثی عمل کی نگرانی کے لیے ایک اعلی سطحی کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جوہری معاملے، پابندیوں اور نگرانی و تنازعات کے حل سے متعلق تین ورکنگ گروپس بھی تشکیل دیے گئے ہیں، جن کا مقصد آئندہ 60 دنوں کے اندر فریقین کے درمیان ایک حتمی معاہدے تک پہنچنے میں معاونت فراہم کرنا ہے۔
نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ نے امن عمل کے لیے چین کی مستقل اور مضبوط حمایت پر شکریہ ادا کیا، خصوصا صدر شی جن پنگ کے چار نکاتی امن منصوبے اور پاکستان-چین کے پانچ نکاتی امن اقدام کو سراہا۔وزیرِ خارجہ وانگ یی نے ثالثی عمل کے کامیاب انعقاد اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے حوالے سے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اور پاکستانی قیادت کو مبارکباد دی۔ انہوں نے امن اور استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی مسلسل سفارتی کاوشوں، فعال ثالثی اور مستقل رابطہ کاری کو سراہتے ہوئے پاکستان کی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
انہوں نے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کے لیے چین کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ اقوامِ متحدہ کے منشور کے مطابق تنازعات کا پرامن حل انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ دونوں رہنماں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور چین فریقین کے درمیان مذاکرات کے ذریعے تنازع کے حل کے لیے قریبی تعاون جاری رکھیں گے، تاکہ دشمنیوں کا مستقل خاتمہ، پائیدار امن، مشترکہ ترقی اور باہمی خوشحالی کو فروغ دیا جا سکے۔

