ڈھاکہ (آئی پی ایس )بنگلہ دیش حکومت نے سابق اسٹار کرکٹر شکیب الحسن کی قومی کرکٹ ٹیم میں دوبارہ واپسی کے امکانات کو مسترد کردیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق شکیب الحسن نے نئی دہلی میں معزول اور مفرور سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کے ساتھ منعقدہ ایک میڈیا پروگرام میں بذریعہ ٹیلی فون شرکت کی تھی، جس کے بعد بنگلہ دیشی حکومت نے ان کی قومی ٹیم میں واپسی کے معاملے پر اپنا مقف واضح کردیا۔
بنگلہ دیش کے وزیر نوجوانان و کھیل امین الحق نے کہاکہ حکومت اب تک شکیب الحسن کے معاملے میں نسبتا نرم اور لچکدار رویہ اختیار کیے ہوئے تھی، تاہم موجودہ صورتحال کے بعد اب مزید گنجائش باقی نہیں رہی۔امین الحق کے مطابق جو شخص ایک آمر کے ساتھ ایک ہی اسٹیج پر کھڑا ہوچکا ہو، اس کے لیے قومی کرکٹ ٹیم میں واپسی کا اب کوئی امکان نہیں۔
دوسری جانب شکیب الحسن پہلے ہی واضح کرچکے ہیں کہ اگر انہیں سیکیورٹی کی ضمانت فراہم کردی جائے تو وہ مقدمات کا سامنا کرنے کے لیے بنگلہ دیش واپس آنے کے لیے تیار ہیں۔39 سالہ شکیب الحسن سابق حکمران جماعت عوامی لیگ کے رکن پارلیمنٹ بھی رہ چکے ہیں، جس کی قیادت شیخ حسینہ کرتی تھیں۔
شکیب الحسن اس وقت سری لنکا میں موجود ہیں اور ان افراد میں شامل ہیں جن کے خلاف شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے سے قبل طلبہ کے احتجاج کے دوران پولیس کی جانب سے مبینہ مہلک کریک ڈان سے متعلق قتل کی تحقیقات جاری ہیں۔شیخ حسینہ کو طلبہ کی قیادت میں ہونے والے شدید احتجاج کے بعد اقتدار چھوڑ کر ملک سے فرار ہونا پڑا تھا۔ ان کے ملک سے جانے کے بعد ان کی سیاسی جماعت اور سابق حکومتی عہدیداروں کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں۔
