Tuesday, June 23, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومپاکستانسپریم کورٹ کا سرکاری ملازمین کے حق میں اہم فیصلہ، الزامات سے باعزت بریت پر مکمل تنخواہ اور مراعات کی ادائیگی کا حکم

سپریم کورٹ کا سرکاری ملازمین کے حق میں اہم فیصلہ، الزامات سے باعزت بریت پر مکمل تنخواہ اور مراعات کی ادائیگی کا حکم

اسلام آباد (سب نیوز)سپریم کورٹ آف پاکستان نے سرکاری ملازمین سے متعلق اہم فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ الزامات سے باعزت بری ہونے والا سرکاری ملازم اپنی مکمل تنخواہ اور تمام سابقہ مراعات کا حقدار ہوگا۔
8 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جسٹس محمد علی مظہر نے تحریر کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ باعزت بریت کی صورت میں ملازم کی غیر حاضری کی مدت کو ڈیوٹی پر گزارا گیا وقت تصور کیا جائے گا۔سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ محکمانہ اور فوجداری کارروائیوں کی نوعیت مختلف ہے اور دونوں کارروائیاں ایک ساتھ آزادانہ طور پر جاری رہ سکتی ہیں۔فیصلے میں کہا گیا کہ تادیبی کارروائی کے ذریعے کسی ملازم کو ملازمت سے برخاست کرنے سے پہلے اسے صفائی یا جواب دینے کا موقع نہ دینا آئینی تقاضوں کی خلاف ورزی ہے۔
سپریم کورٹ نے خیبرپختونخوا سروس ٹربیونل کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے اپیل منظور کر لی اور محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کو ہدایت کی کہ بحال ہونے والے ٹیچر کی سابقہ مراعات کے معاملے کا 2 ماہ کے اندر فیصلہ کیا جائے۔مقدمے کے مطابق بنوں کے گریڈ 17 کے اسکول ٹیچر کو فوجداری مقدمے میں سزا ملنے کے بعد ملازمت سے نکال دیا گیا تھا، تاہم ہائی کورٹ سے بریت کے بعد محکمہ تعلیم نے انہیں ملازمت پر بحال تو کر دیا، لیکن گزشتہ عرصے کی تنخواہ اور دیگر مراعات دینے سے انکار کر دیا تھا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔