Tuesday, June 23, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومپاکستاننائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی چینی سفیر سے ملاقات، علاقائی امن و استحکام پر تبادلہ خیال

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی چینی سفیر سے ملاقات، علاقائی امن و استحکام پر تبادلہ خیال

اسلام آباد(سب نیوز)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آج پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ سے ملاقات کی، جس میں علاقائی امن، سفارتی کوششوں اور پاک چین تعاون سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد کے حوالے سے ہونے والے اعلی سطحی مذاکرات کی پیش رفت سے چینی سفیر کو آگاہ کیا۔
انہوں نے اپنے حالیہ دور قاہرہ کا بھی ذکر کیا، جہاں انہوں نے مصر، سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کے ہمراہ آر-4 علاقائی وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کی تھی۔ اجلاس کا مقصد مکالمے کے فروغ اور مسائل کے پرامن حل کے لیے مشترکہ کوششوں کو آگے بڑھانا تھا۔اسحاق ڈار نے پاکستان کی امن کوششوں کے لیے چین کی مستقل حمایت کو سراہتے ہوئے امن عمل میں چین کے اہم کردار کی تعریف کی، خصوصا صدر شی جن پنگ کی چار نکاتی تجویز اور چین۔پاکستان پانچ نکاتی اقدام کو قابلِ قدر قرار دیا۔چینی سفیر نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی کامیاب کوششوں کو سراہا اور پائیدار امن و استحکام کے لیے پاکستان کے ثالثی کردار کی بھرپور حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں دونوں فریقوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام حل طلب مسائل کے پرامن تصفیے کے لیے مسلسل سفارتی رابطوں، مکالمے اور مذاکرات کا عمل ناگزیر ہے۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان، چین کے ساتھ مشاورت اور قریبی رابطوں کا سلسلہ جاری رکھے گا تاکہ امن، استحکام اور مشترکہ ترقی کے اہداف کو فروغ دیا جا سکے، اور پاک چین ہمہ موسمی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔