Sunday, June 21, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومتازہ ترینمری: 9 اور 10 محرم کو مال روڈ پر ٹریفک محدود رہے گی، دیگر سیاحتی مقامات کھلے ہیں، ڈی پی اومری ڈاکٹر محمد رضا تنویر

مری: 9 اور 10 محرم کو مال روڈ پر ٹریفک محدود رہے گی، دیگر سیاحتی مقامات کھلے ہیں، ڈی پی اومری ڈاکٹر محمد رضا تنویر

مری/ راولپنڈی : محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور ملکہ کوہسار مری آنے والے سیاحوں کی سہولت کے لیے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مری ڈاکٹر محمد رضا تنویر نے فل پروف سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیتے ہوئے خصوصی ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔

ایک ویڈیو پیغام میں ڈی پی او مری ڈاکٹر محمد رضا تنویر نے بتایا کہ 10 محرم الحرام کا مرکزی جلوس لوئر بازار کی مرکزی امام بارگاہ سے اپنے مقررہ وقت پر برآمد ہو کر مال روڈ سے ہوتا ہوا واپس اسی امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہو گا۔ سکیورٹی کے نکتہ نظر سے 9 اور 10 محرم کو مال روڈ اور اس کے مضافاتی علاقوں میں عام ٹریفک اور سیاحوں کی آمدورفت محدود رہے گی، تاکہ جلوس کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے مری کا رخ کرنے والے سیاحوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لیے اس ایڈوائزری کو لازمی ملحوظِ خاطر رکھیں۔ مال روڈ کے مخصوص سکیورٹی زونز کے علاوہ مری کے باقی تمام سیاحتی مقامات اور مضافاتی تفریحی پوائنٹس عام سیاحوں کے لیے بالکل کھلے ہیں۔ مری آنے والے سیاح جلوس کے روٹس سے ہٹ کر دیگر تمام مقامات پر بلا روک ٹوک گھوم پھر سکتے ہیں اور مری پولیس شہریوں کی چوبیس گھنٹے خدمت کے لیے الرٹ ہے۔

ڈاکٹر محمد رضا تنویر نے مقامی لوگوں اور سیاحوں پر زور دیا کہ وہ مری پولیس کی آفیشل موبائل ایپلی کیشن ‘سیف ٹورازم مری’ کو زیادہ سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کریں۔ اس ایپ کے ذریعے مری کی لائیو ٹریفک صورتحال، متبادل راستوں اور سکیورٹی سے متعلق تمام تر اپ ڈیٹس ہر لمحہ سیاحوں کی فنگر ٹپس پر دستیاب ہوں گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔