اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)پاکستان عوامی قوت پارٹی کے سربراہ اور راول جنرل اینڈ ڈینٹل ہاسپٹل اور راول فاونڈیشن کے چیئرمین خاقان وحید خواجہ نے ایران امریکہ معاہدہ کو عالمی دنیا کے امن کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح کمی کرے اور جنگ شروع ہونے سے پہلے والی قیمتوں کی بحالی کا اعلان کرے۔
ایک بیان میں چیئرمین پاکستان عوامی قوت پارٹی نے کہا کہ پوری دنیا نے دیکھ لیا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں تمام تباہی کر کے بھی آپ کو ٹیبل پر ہی بیٹھنا پڑتا ہے اس معاہدے کے سلسلے میں میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ان کی ٹیم سمیت دیگر اہم حکومتی رہنماوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے ایران امریکہ معاہدے کو منطقی انجام تک پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ معاہدے کی تفصیلات تو سب کے سامنے آ چکی ہیں اور کل جمعہ کو جنیوا میں فیلڈ مارشل اور وزیراعظم کی موجودگی میں سائن ہوں گے اور معاہدہ حتمی شکل اختیار کر جائے گا جس سے امید ہے کہ دنیا میں تمام شعبوں میں جو ترقی کی رفتار چل رہی تھی وہ اسی طرح برقرار رہے گی۔ امن ضمانت ہے انسانیت کی ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو چاہیے کہ جنگ شروع ہونے سے پہلے جو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں تھیں فورا ان کو اس سطح پر لایا جائے۔ خود وزیراعظم نے جب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بہت بڑا اضافہ کیا تھا تو انہوں نے واضح طور پر کہا تھا کہ جس وقت عالمی سطح پہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوگی میں ایک لمحہ ضائع کیے بغیر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کر دوں گا۔ وزیراعظم اپنا وعدہ پورا کریں اور غریب کو جینے کا حق دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان عوامی قوت پارٹی غریب کے ساتھ ہیں اور ان کے مسائل حل کرنے کے لیے ہر پلیٹ فارم پر اپنی آواز بلند کریں گے ۔

