Friday, June 19, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومپاکستانموٹر وے پر تمام گاڑیوں کیلئے آگ بجھانے والا آلہ لازمی قرار دے دیا گیا

موٹر وے پر تمام گاڑیوں کیلئے آگ بجھانے والا آلہ لازمی قرار دے دیا گیا

اسلام آباد (سب نیوز)نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس نے مسافروں اور مال بردار گاڑیوں کے لیے فائر سیفٹی کے قوانین کو انتہائی سخت کرتے ہوئے تمام گاڑیوں کے لیے کارآمد فائر ایکسٹنگوشر(آگ بجھانے والا آلہ)ساتھ رکھنا لازمی قرار دے دیا ہے۔
یہ اہم فیصلہ حال ہی میں اسلام آباد، مری ایکسپریس وے پر کھجوٹ کے قریب پیش آنے والے ایک افسوسناک حادثے کے بعد کیا گیا ہے، جہاں ایک مسافر وین نالے میں گرنے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آ گئی تھی، جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہو گئے تھے۔موٹروے پولیس کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق گاڑیوں میں آگ بجھانے والے آلات کی موجودگی کو یقینی بنانے کا مقصد حادثات کی صورت میں آتشزدگی کے خطرات کو کم کرنا اور قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ بنانا ہے۔
اس نئے قانون پر عمل درآمد کے لیے موٹروے پولیس کی جانب سے ملک بھر میں 24 جون 2026 تک ایک وسیع عوامی آگاہی مہم چلائی جارہی ہے تاکہ شہریوں کو پیشگی اطلاع مل سکے۔ترجمان نے واضح کیا ہے کہ 24 جون کے بعد قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ 25 جون سے ایسی کسی بھی پبلک سروس گاڑی یا کارگو ٹرک کو موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر داخل ہونے کی اجازت بالکل نہیں دی جائے گی جس میں آگ بجھانے والا سلنڈر موجود نہیں ہوگا۔
حکام کی جانب سے ڈرائیوروں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گاڑی میں رکھے گئے فائر ایکسٹنگوشر کی میعاد (ایکسپائری ڈیٹ)لازمی چیک کر لیں۔ ترجمان نے واشگاف الفاظ میں کہا ہے کہ گاڑی میں محض سلنڈر کا ہونا کافی نہیں ہوگا، بلکہ اس کا چارجڈ ہونا اور اس کی سوئی کا گرین زون میں ہونا ضروری ہے۔ معیاد ختم یا ناکارہ سلنڈر رکھنے والی گاڑیوں کو بھی قانون شکنی کا مرتکب تصور کیا جائے گا اور انہیں موٹروے پر سفر کی اجازت نہیں ملے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔