Tuesday, June 16, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومپاکستانامت مسلمہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اسوہ حسینی پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے ، اسپیکر قومی اسمبلی

امت مسلمہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اسوہ حسینی پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے ، اسپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد(سب نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ہجری سال 1448 کے آغاز پر پاکستانی قوم اور امتِ مسلمہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالی سے دعا کی کہ نیا ہجری سال پاکستان اور عالمِ اسلام کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کا سال ثابت ہو۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں صبر، قربانی، حق اور باطل کے درمیان فرق کی پہچان کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین اور ان کے جاں نثار رفقا نے ظلم و جبر اور ناانصافی کے خلاف جس استقامت، صبر اور قربانی کا مظاہرہ کیا، وہ قیامت تک انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ کربلا کا پیغام مسلمانوں تک محدود نہیں، بلکہ پوری انسانیت کے لیے برائی کے خلاف جدوجہد اور سچائی کے قیام کا درس ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام حسین کی عظیم قربانی نے ہمیں درس دیا ہے کہ حق کے لیے ڈٹ جانا ہی حقیقی کامیابی ہے۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ نیا اسلامی سال ہمیں اپنے انفرادی اور اجتماعی طرزِ عمل کا جائزہ لینے اور معاشرے میں اخوت، رواداری، برداشت اور اتحاد کو فروغ دینے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے دوران ملک بھر کے علما کرام، مشائخ اور مذہبی رہنما ہمیشہ امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ میں قابلِ قدر کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ ان کی کاوشیں قومی یکجہتی کو مضبوط بنانے اور ہم آہنگی کے قیام میں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے علما و مشائخ سے اپیل کی کہ وہ اپنے مثبت کردار کو مزید مثر بناتے ہوئے اتحادِ امت، برداشت اور امن کے پیغام کو عام کریں۔ انہوں کہا کہ آج کا دن ہمیں اسلامی تعلیمات کی روشنی میں وطنِ عزیز پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کرنے کے عہد کی تجدید کا موقع فراہم کرتا۔اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی نے کشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے کشمیری اور فلسطینی بھائی آج بھی ظلم و بربریت اور ناانصافی کا سامنا کر رہے ہیں۔ محرم الحرام ہمیں درس دیتا ہے کہ ہم حق و انصاف کا ساتھ دیں، مظلوموں کی حمایت کریں اور ظلم کے خلاف آواز بلند کریں۔ پاکستان نے ہمیشہ مظلوموں کا ساتھ دیا ہے اور آئندہ بھی ہر سطح پر مظلوموں کی حمایت جاری رکھے گا۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ عصر حاضر کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے اور امت مسلمہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اسوہ حسینی پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم، ہمیں فرقہ واریت، نفرت، عدم برداشت اور تشدد سے بچتے ہوئے اتحاد، یکجہتی، اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہوگا۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور اخوت کے پیغام کو فروغ دینا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے دعا کی کہ اللہ تعالی ہر مسلمان کو امام حسین کے راستے پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے، اور وطن عزیز کو امن، ترقی اور خوشحالی عطا فرمائے۔اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفی شاہ نے اسلامی سالِ نو 1448 ہجری کے آغاز پر پاکستان کی عوام اور پوری امتِ مسلمہ کے لیے نیک تمناں کا اظہار کیا۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ماہِ محرم الحرام قربانی، صبر، استقامت اور حق و انصاف کے لیے ثابت قدمی جیسے اعلی اصولوں کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے نواس رسول ۖ حضرت امام حسین اور شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بے مثال قربانی ظلم و جبر کے خلاف ڈٹ جانے اور دینِ اسلام کی سربلندی کے لیے استقامت کی لازوال مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیا اسلامی سال ہمیں خود احتسابی اور معاشرے میں اتحاد، رواداری اور باہمی احترام کے فروغ کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ قومی ترقی اور استحکام کے لیے قومی یکجہتی، احترام اور قانون کی بالادستی ناگزیر ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ نیا اسلامی سال پاکستان سمیت پوری امتِ مسلمہ کے لیے امن، خوشحالی اور ترقی کا سال ثابت ہو۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔