تہران (سب نیوز)وزیر داخلہ محسن نقوی ایرانی سپریم لیڈر کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کا خصوصی پیغام لے کر تہران پہنچے اور عباس عراقچی کے حوالے کردیا۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق پاکستان کے وزیرِ داخلہ محسن نقوی ایران پہنچے اور وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور دونوں ممالک کے مابین تعاون کو مزید فروغ دینے پر بات کی۔
ملاقات کے دوران، دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ دونوں رہنماوں نے ایران کے خلاف مسلط کردہ امریکی صہیونی جنگ کے خاتمے کے لیے پاکستان کی ثالثی میں جاری سفارتی عمل کی تازہ ترین صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ایرانی میڈیا کے مطابق پاکستانی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی سپریم لیڈر مجتبی خامنہ ای کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کا خصوصی پیغام عباس عراقچی کے حوالے کیا۔قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی ہم منصب سکندر مومنی سے بھی ملاقات کی جس میں جنگ بندی اور مذاکرات سے متعلق گفتگو ہوئی۔
میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ حالیہ صورتحال پر آیت اللہ مجتبی علی خامنہ ای کیلئے فیلڈ مارشل کا خصوصی خط لے کر آیا ہوں، سپریم لیڈر کیلئے وزیراعظم شہباز شریف کا پیغام بھی لایا ہوں۔انہوں نے کہا کہ امید ہے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں سے بحران جلد ختم ہو جائے گا، چیف مذاکرات کار باقر قالیباف، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور وزیر داخلہ سکندر مومنی کی قدر کرتا ہوں۔

