واشنگٹن: (آئی پی ایس) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ہم ایران کے ساتھ جنگ ختم کرنے کے معاہدے پر دستخط کے قریب ہیں۔
وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات اچھے جا رہے ہیں، ممکن ہے کہ ہفتے کے آخر تک کوئی پیشرفت ہو، معاہدہ ہوتے ہی آبنائے ہرمز کھل جائے گی۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات دنوں میں طے پا سکتے ہیں، ایران کی افزودہ یورینیم حاصل کرنا چاہتے ہیں، افزودہ یورینیم امریکہ کے حوالے کرنے پر بات جاری ہے، ایران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکتا۔
ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز اور لبنان کے معاملے کو الگ رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں، ہم نے پہلی بار حزب اللہ سے بات کی ہے، حزب اللہ نے یقین دہائی کروائی ہے کہ وہ اسرائیل پر حملہ نہیں کرے گا۔
مذاکرات جاری، ایران نے جوہری ہتھیار نہ رکھنے پر اتفاق کرلیا: ٹرمپ کا دعویٰ
قبل ازیں ایک انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران کے نئے سپریم لیڈر مذاکرات سے متعلق منظوری دے رہے ہیں اور ممکن ہے کہ مستقبل میں کسی موقع پر ان سے ملاقات بھی ہو۔
انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کا معاملہ جلد حل ہو جائے گا، جبکہ ایران سے متعلق تنازع ختم ہونے کی صورت میں ایندھن کی قیمتوں میں کمی آئے گی، امید ہے مستقبل قریب میں فیول کی قیمتیں کم ہوں گی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے لبنان جنگ کے معاملے پر تلخ گفتگو کی بھی تصدیق کی اور کہا کہ وہ لبنان کے ساتھ مسلسل جنگ جاری رہنے پر ناخوش تھے۔

