اسلام آباد(آئی پی ایس )نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے امن عمل کے لیے تمام فریقین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پائیدار امن، باہمی احترام کے لیے مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ایکس پر کہا ہے کہ صدرٹرمپ نے پاکستان سمیت مسلم ممالک کے رہنماوں سے ٹیلیفونک رابطے کیے، پاکستان، سعودی عرب، ترکیے اور قطر کی قیادت سے بات کی، مصر، یو اے ای اوراردن کی قیادت سے بھی گفتگو کی۔انہوں نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ کا اقدام خطے میں استحکام کی جانب اہم پیشرفت ہے، نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر خارجہ مارکوروبیو اور امریکی ٹیم کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں، صدرٹرمپ کی قیادت اورمکالمے وسفارتکاری کے عزم کو سراہتے ہیں، ان کی مسلسل شمولیت نے بامعنی پیشرفت میں مدد دی۔اسحاق ڈار کہا کہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان سمیت ایرانی قیادت کے تعمیری کردار پر بھی شکر گزار ہیں، ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی اور سپیکرباقرقالیباف کو بھی سراہتے ہیں، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان تمام علاقائی شراکت داروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جن کے ساتھ 28فروری سے مسلسل رابطے میں رہے ہیں، سعودی عرب، ترکیے، مصر، قطر اور دیگر کے تعاون نے حتمی نتیجے میں اہم کردارادا کیا۔نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ قیام امن کیلئے وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی بصیرت افروز قیادت اور امن کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو بھی سراہتا ہوں، جنہوں نے اس حساس اور اہم عمل میں مرکزی کردار ادا کیا اور آج کی گفتگو میں پاکستان کی نمائندگی بھی کی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں پاکستان کی وزارتِ خارجہ کی مستقل سفارتی کوششوں اور ان کی مسلسل معاونت کو بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں۔نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان پائیدار امن، باہمی احترام اور علاقائی استحکام کے لیے کی جانے والی تمام مخلصانہ کوششوں کی حمایت کرتا رہے گا، ان مذاکرات کی کامیابیاں اس امید کی بنیاد فراہم کرتی ہیں کہ ایک مثبت اور دیرپا نتیجہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ ہمارے خطے اور اس سے آگے مشترکہ خوشحالی اور سلامتی کے لیے تنازع اور محاذ آرائی کے بجائے مکالمے اور سفارت کاری کو ترجیح دی جانی چاہئے۔
