اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی براہ راست نگرانی اور قیادت میں حج 2026 کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق اب تک 471 پروازوں کے ذریعے 1 لاکھ 18 ہزار سے زائد عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔
عازمینِ حج کو منیٰ منتقل کرنے کا آپریشن 7 ذی الحجہ کو نماز مغرب کے بعد شروع کیا جائے گا، جبکہ جدید بسوں کے ذریعے حجاج کو سیٹ ٹو سیٹ سہولت کے ساتھ منیٰ پہنچایا جائے گا۔ یہ عمل 8 ذی الحجہ صبح 10 بجے تک مکمل کر لیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق حج کے دوران شدید گرمی کا امکان ہے، اس لیے عازمین کو طبی ماہرین کی ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔ ہر 188 حجاج پر ایک نگران “ناظم” مقرر کیا گیا ہے جو اپنے گروپ کے ساتھ موجود رہے گا۔
منیٰ کے خیموں میں عازمین کو پاکستانی ذائقے کے مطابق روزانہ تین وقت کا تازہ کھانا فراہم کیا جائے گا۔ 9 ذوالحجہ کو ظہر سے قبل تمام حجاج کو بسوں اور مشاعر ٹرین کے ذریعے میدان عرفات منتقل کیا جائے گا۔
وقوف عرفات کے بعد حجاج مغرب کی نماز پڑھے بغیر مزدلفہ روانہ ہوں گے، جہاں مغرب و عشاء کی نمازیں ادا کی جائیں گی اور رمی کے لیے 70 کنکریاں جمع کی جائیں گی۔
10 ذوالحجہ کی صبح بڑے شیطان کی رمی کے بعد قربانی کا عمل دن ڈیڑھ بجے سے شام 6 بجے تک مکمل کیا جائے گا۔ اس کے بعد حجاج حلق یا قصر کر کے احرام سے باہر آئیں گے۔
11 اور 12 ذی الحجہ کو تینوں شیطانوں کی رمی جاری رہے گی، جبکہ طوافِ زیارت اور سعی حج کے اہم ارکان ادا کیے جائیں گے۔ وطن واپسی سے قبل حجاج طواف وداع بھی کریں گے۔
