کراچی (سب نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے عیدالاضحی کے بعد ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غزہ میں اسرائیل کی جانب سے نہتے شہریوں، بچوں اور خواتین پر مظالم کا سلسلہ جاری ہے جبکہ عالمی طاقتیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کے عوام نے اپنی قربانیوں سے دنیا پر اسرائیلی مظالم بے نقاب کر دیے ہیں۔پٹرولیم لیوی کی مد میں عوام سے کھربوں روپے وصول کیے جا چکے ہیں جبکہ مہنگائی اور غربت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر موٹر سائیکل سوار بھی بھاری لیوی ٹیکس ادا کرنے پر مجبور ہے۔بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں کرپشن کے الزامات عائد کرتے ہوئے اس کا آڈٹ کرانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں غربت کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے اور متوسط طبقہ شدید معاشی دبا وکا شکار ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی آج بھی ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کرے گی جبکہ عید کے بعد پہیہ جام ہڑتال کی کال دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کو حکومت کی پالیسیوں کے خلاف جماعت اسلامی کا ساتھ دینا ہوگا۔منشیات کے بڑھتے کاروبار پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاکھوں نوجوان نشے کی لعنت میں مبتلا ہو چکے ہیں۔ ابھی تو ایک پنکی پکڑی گئی ہے، نہ جانے کتنی پنکیاں اور ہوں گی، اور مطالبہ کیا کہ منشیات فروشوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
