مری/راولپنڈی(آئی پی ایس ) مری پولیس نے عید الاضحی کی تعطیلات کے دوران لاکھوں سیاحوں کی متوقع آمد کے پیش نظر ایک جدید اور مربوط اسمارٹ کرائوڈ اینڈ ٹریفک مینجمنٹ ماڈل نافذ کر دیا ہے۔ مال روڈ اور شہر میں فیملیز کے علاوہ دیگر افراد کے داخلے ، اسلحہ کی نمائش، ہوائی فائرنگ، سکیٹنگ اور ون ویلنگ کو روکنے کے لیے دفعہ 144 پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
ڈی پی او مری ڈاکٹر محمدرضا تنویر کے مطابق گزشتہ سال عید الاضحی پر7 جون کو 26,385، 8 جون کو 52,721 اور 9 جون کو 69,218 ، 10 جون کو 58,232 11 جون کو 49,642، 12 جون کو 46,176 گا اور 13 جون کو 48,743 گاڑیاں مری میں داخل ہوئیں، جو اس سال کی بنیادی سٹریٹجی بنے ہیں۔ڈاکٹر محمد رضا تنویر نے بتایا کہ امن و امان اور ٹریفک روانی کے لیے 700 سے زائد جوان تعینات ہونگے جن میں 500 سیکیورٹی اہلکار اور 200 ٹریفک وارڈنز شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیاحوں کی ڈیجیٹل گائیڈنس کے لیے “سیف ٹوررزم ایپ”*ایپ لانچ کی گئی ہے، جس کے ذریعے لائیو ٹریفک اپ ڈیٹس اور “ٹیکسٹ ٹو ڈی پی او” فیچر کے تحت براہِ راست ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سے ہنگامی رابطہ ممکن ہے۔
ڈی پی او مری ڈاکٹر محمد رضا تنویر کے مطابق، مری پولیس روایتی ڈیوٹی سے ہٹ کر خاندانوں کو ایک محفوظ اور بین الاقوامی معیار کا ماحول فراہم کرنے کے لیے مکمل تیار ہے۔سیاحوں کے لیے جاری ایڈوائزری میں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پہاڑی سفر سے پہلے گاڑی کی فٹنس(بریکس، ٹائرز، انجن)لازمی چیک کریں، عید کے دوسرے اور تیسرے روز کے رش سے بچیں اور لین ڈسپلن کی پابندی کریں۔
