اسلام آباد، (آئی پی ایس): معروف ٹینس آرگنائزر، ماہرِ ماحولیات اورغیر سرکاری ادارے صبح نو کی چیئرپرسن مسز شاہدہ کوثر فاروق نے رواں سال اکتوبر میں پاکستان میں پہلی بار ہونے والے بلی جین کنگ (بی جے کے) کپ کے انعقاد کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خواتین کھیلوں بالخصوص ٹینس کے لیے ’’تاریخی سنگِ میل‘‘ قرار دیا ہے۔
جمعرات کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) کے صدر اور سابق ڈیوس کپ کھلاڑی اعصام الحق قریشی کی بین الاقوامی ٹینس کو پاکستان میں دوبارہ بحال کرنے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پیش رفت فیڈریشن کے مضبوط عزم کی عکاس ہے اور اس سے ملک بھر میں ٹینس کے فروغ میں نمایاں مدد ملے گی۔
مسز شاہدہ کوثر فاروق نے کہا کہ بی جے کے کپ کی میزبانی سے عالمی سطح پر پاکستان کا ایک مثبت اور ترقی پسند تشخص اجاگر ہوگا، جبکہ مقامی خواتین کھلاڑیوں کو اپنی سرزمین پر اعلیٰ معیار کی بین الاقوامی میعار کے مقابلوں میں شرکت کا قیمتی موقع بھی میسر آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ امر حوصلہ افزا ہے کہ ملک میں خواتین ٹینس کو بتدریج زیادہ پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔ ان کے مطابق یہ ایونٹ خواتین کی کھیلوں میں شرکت بڑھانے اور نوجوان لڑکیوں کو پیشہ ورانہ طور پر ٹینس اپنانے کی ترغیب دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
اس موقع پر شاہدہ کوثر فاروق نے اکتوبر میں بلی جین کنگ کپ سے قبل قومی سطح کا ٹینس ایونٹ منعقد کروانے کا اعلان کیا تاکہ مقامی کھلاڑیوں کو مسابقتی پریکٹس کے مواقع فراہم کیے جا سکیں اور وہ بین الاقوامی مقابلوں کے لیے بہتر تیاری کر سکیں۔
انہوں نے یاد دلایا کہ صبح نو طویل عرصے سے پاکستان میں خواتین ٹینس کے فروغ میں قائدانہ کردار ادا کرتی رہی ہے اور گزشتہ برسوں کے دوران خواتین پر مرکوز متعدد ٹینس سرگرمیوں کے انعقاد اور معاونت میں پیش پیش رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا، ’’ہمیشہ سے ہمارا یہ یقین رہا ہے کہ کھیلوں کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانا ایک صحت مند اور ترقی یافتہ معاشرے کی تشکیل کے لیے ناگزیر ہے۔‘‘
انہوں نے امید ظاہر کی کہ بلی جین کنگ کپ کے کامیاب انعقاد سے پاکستانی خواتین ایتھلیٹس کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے، انہیں عالمی سطح پر بہتر نمائندگی اور رینکنگ حاصل کرنے میں مدد ملے گی، جبکہ بین الاقوامی کھیلوں کے کامیاب میزبان کے طور پر پاکستان کی ساکھ مزید مستحکم ہوگی۔
پاکستان میں بلی جین کنگ کپ کا انعقاد خواتین ٹینس کے لیے تاریخی سنگِ میل ہے، شاہدہ کوثر فاروق
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
