اسلام آباد(خبرنگار خصوصی)اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز ایف سیون فور میں فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کی جانب سے ایک پروقار تعریفی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں فیڈرل بورڈ کے زیر اہتمام ٹورنامنٹس میں مجموعی طور پر بہترین ڈائریکٹوریٹ کا اعزاز حاصل کرنے کی کامیابی کا جشن منایا گیا۔ تقریب میں معزز مہمانوں، اساتذہ، طلبہ و طالبات اور مختلف تعلیمی اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
کالج کی پرنسپل ڈاکٹر سعدیہ عزیز اور فیکلٹی ممبران نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ڈی جی ایف ڈی ای جنید اخلاق نے افتتاحی خطاب میں شرکا کو خوش آمدید کہا اور کامیاب کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا۔ اس موقع پر وفاقی وزیرِ تعلیم خالد مقبول صدیقی نے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ کھیل طلبہ و طالبات میں نظم و ضبط، اعتماد اور قائدانہ صلاحیتیں پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے طالبات کو مسلسل محنت اور عزم کے ساتھ آگے بڑھنے کی بھی تلقین کی۔ تقریب کے دوران ایف ڈی ای کی بہترین ٹیم نے شاندار والی بال پرفارمنس پیش کی، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔ نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات میں شیلڈز اور اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔ شرکا نے ایف ڈی ای کی اس نمایاں کامیابی پر مسرت کا اظہار کیا۔
