ہومبریکنگ نیوزمشرق وسطیٰ میں کشیدگی، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بلند سطح پر برقرار

مشرق وسطیٰ میں کشیدگی، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بلند سطح پر برقرار

اسلام آباد: مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور آبنائے ہرمز میں تیل بردار جہازوں پر حملوں کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں رواں ماہ کی بلند ترین سطح کے قریب پہنچ گئی ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سعودی عرب کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملوں نے بھی تیل کی برآمدات متاثر ہونے کے خدشات بڑھا دیے ہیں۔
عالمی معیار برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 38 سینٹ یا 0.39 فیصد کمی کے بعد 96.19 ڈالر فی بیرل رہی، اس سے ایک روز قبل برینٹ کی قیمت میں تقریباً 2 ڈالر اضافہ ہوا تھا اور یہ 6 نومبر کے بعد بلند ترین سطح پر بند ہوا تھا۔
امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت 1.73 ڈالر یا 2.07 فیصد اضافے کے بعد 85.41 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی، امریکا میں تھینکس گیونگ کی تعطیل کے باعث جمعرات کو ڈبلیو ٹی آئی کے سودوں کی باقاعدہ بندش نہیں ہوئی تھی۔
اے این زیڈ بینک کے تجزیہ کاروں برائن مارٹن اور ڈینیئل ہائنس کے مطابق مشرق وسطیٰ میں کسی بڑے اضافے کے بغیر بھی برینٹ خام تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کرسکتی ہے، تاہم اس کے لیے تیل کی دستیاب رسد میں کمی کے شواہد ضروری ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق دونوں عالمی بینچ مارکس مسلسل چار ہفتوں کی گراوٹ کے بعد پہلی مرتبہ ہفتہ وار اضافے کی جانب گامزن ہیں، گزشتہ ہفتوں میں قیمتوں میں کمی کی ایک وجہ یہ توقع بھی تھی کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وسط مدتی انتخابات کے بعد ایران کے خلاف فوجی کارروائی میں اضافہ نہیں کریں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔