باکو (آئی پی ایس )وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں منعقدہ ورلڈ اربن فورم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب حکومت کے انقلابی اقدامات کو عالمی سطح پر پیش کردیا ہے۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ شہر صرف سڑکوں اور عمارتوں کا نام نہیں بلکہ یہ انسانوں کی ترقی سے جڑے ہوتے ہیں، اسی لیے پنجاب حکومت شہریوں کی زندگیوں میں انقلاب لانے کے لیے ہمہ جہت اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے یہ بات آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں ورلڈ اربن فورم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔مریم نواز نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ ان کا کسی بھی وسطی ایشیائی ملک کا پہلا دورہ ہے جسے وہ باعثِ فخر سمجھتی ہیں۔ انہوں نے آذربائیجان کی قیادت کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کی طرف سے محبت کا پیغام پہنچایا۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر الہام علیوف کی قیادت میں آذربائیجان کی ترقی قابلِ تحسین ہے۔وزیراعلی نے سماجی و معاشی بہتری کے حوالے سے بتایا کہ پنجاب میں اعداد و شمار جمع کرنے کے لیے پنجاب اکنامک رجسٹری سروے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ہاسنگ کے شعبے میں اپنی چھت اپنا گھر کا انقلابی منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ماڈل ویلیج پروگرام کے تحت 2 ہزار دیہاتوں کو جدید سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔انہوں نے دیہی علاقوں کی ترقی اور وہاں مساوی سہولتوں کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شاہراہوں اور بنیادی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ مریم نواز نے واضح کیا کہ تمام انفراسٹریکچر موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات کو مدنظر رکھ کر تیار کیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل کو محفوظ بنایا جا سکے۔ماحول کی بہتری کے حوالے سے انہوں نے ستھرا پنجاب میگا پراجیکٹ اور اسموگ پر قابو پانے کے اقدامات کا ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صاف ماحول ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور حکومت اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ اس کے علاوہ صوبے بھر میں امن و امان کے لیے سی سی ٹی وی مانیٹرنگ کا نظام بھی فعال کر دیا گیا ہے۔
