پشاور(آئی پی ایس )گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے خیبرپختونخوا کے معاملے میں شہباز سپیڈ نہیں دکھائی، صوبے کو گندم فراہم کی جائے۔گورنر خیبرپختونخوا، وزیراعلی خیبرپختونخوا، سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اور اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباداللہ نے مشترکہ پریس کانفرنس کی جس میں صوبے کو گندم اور سی این جی کی فراہمی کا مطالبہ کیا گیا۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے خیبرپختونخوا کے معاملے میں شہباز سپیڈ نہیں دکھائی، صوبے کے ساتھ زیادتی نہیں ہونی چاہئے، کے پی کی عوام کو روٹی مہنگی ملے گی تو وہ سڑکوں پر نکلیں گے۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہم آئین کے تحت بات کرتے ہیں، آئین کی بات کرتے ہوئے گندم کی کمی پر صوبے کو گندم فراہم کی جائے، آج اس مسئلہ پر حکومت اور اپوزیشن دونوں کو بٹھایا گیا ہے، سی این جی کے حوالے سے آرٹیکل بالکل واضح ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف لاک ڈائون ہوتا ہے اور تیل کی کھپت کم کی جائے اور سی این جی بند کر دی جائے، ہم نے وفاق کو بار بار کہا ہے کہ صوبے کے ساتھ زیادتی نہ کی جائے، گیس ، بجلی اور پانی ہم دے رہے ہیں ، لیکن پانی کا شیئرہمیں نہیں مل رہا، ہمیں پانی کا شیئر دیا جائے تو پھر ہمیں کسی صوبے سے گندم نہیں چاہئے۔گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ وزیر اعظم سے درخواست ہے کہ اس معاملے پر خصوصی نوٹس لیں، صوبے کے ساتھ زیادتی ہو گی تو ہم صوبے کے عوام کے ساتھ کھڑے ہونگے ، ہم ابھی بھی وزیراعظم کے ساتھ رابطے میں ہیں۔وزیراعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی عوام کے ساتھ سوتیلی ماں کی طرح سلوک نہ کیا جائے، سب سے زیادہ گیس پیدا کرنے والا صوبہ کے پی ہے، حکومت کے پی کی عوام کے ساتھ امتیازی سلوک کر رہی ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ بدقسمتی سے پنجاب آئین کی خلاف ورزی مسلسل کر رہا ہے، پنجاب حکومت صوبہ کے پی کے ساتھ گندم کی ترسیل پر زیادتی کر رہی ہے، آرٹیکل 151 کے تحت کوئی بھی صوبہ خوراک کی ترسیل بند نہیں کر سکتا، پنجاب حکومت خیبرپختونخوا کے ساتھ زیادتیاں کر رہی ہے۔
انہوں نے دعوی کیا کہ وفاقی حکومت کے نوٹس میں لانے کے باوجود پنجاب کو منع نہیں کیا جا رہا، بجلی، گیس اور تیل خیبرپختونخوا پیدا کر رہا ہے، خیبرپختونخوا کو جس چیز کی ضرورت ہے اس میں خیبرپختونخوا کے ساتھ زیادتیاں کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایم ایم سی ڈی ایف خیبرپختونخوا کی ضرورت ہے ، آرٹیکل میں صاف لکھا ہے کہ پہلے پیداوار کرنے والا صوبہ استعمال کرے گا اس کے بعد باقی صوبوں کو دے گا، آپ کی ناکام پالیسیوں سے خیبرپختونخوا کا امن خراب ہو رہا ہے، آپ کو بتا رہا ہوں ان کی ناکام پالیسی کا نقصان خیبرپختونخوا کو بھگتنا پڑے گا۔سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کو مجبور کیا جا رہا ہے کہ وہ فیصلہ کرے، پورے پاکستان کو آئین کی کتاب نے جوڑا ہوا ہے اگر اس کو نہیں مانا جاتا تو آپ اپنا اور ہم اپنا کریں گے، ایسا نہ کیا جائے کیونکہ اس میں عوام اور پاکستان کی بھلائی ہے۔سپیکر بابر سلیم سواتی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کا سی این جی کی پیداوار میں اہم کردار ہے، خیبرپختونخوا کو اس سے محروم رکھا جا رہا ہے۔بابر سلیم سواتی نے کہا کہ گندم کی ترسیل کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، آج کے اجلاس میں تفصیل سے گندم کی ترسیل پر پابندی اور سی این جی بندش پر بحث ہوئی۔ڈاکٹر عباد اللہ نے کہا کہ سی این جی اور گندم پر تفصیلی بات کی گئی ، اس مسئلہ پر ہم سیاست کو پیچھے اور مسئلے کو آگے رکھتے ہیں، ہم سی این جی اور گندم پر بریفنگ لے چکے ہیں ، اس فورم پر خیبرپختونخوا کی نمائندگی ہونی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ گورنر وفاق کے نمائندے ہیں آپ ذرا سپیڈ پکڑیں ہم آپ کے ساتھ ہیں، صوبہ ہم سب کا ہے ہم سب اس میں ساتھ دیں گے۔
