اسلام آباد (آئی پی ایس )چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد نے یونیسکو کے ڈائریکٹر فواد پاشایف سے ملاقات کی، جس میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے، تعلیم، ہنر اور روزگار کے مواقع بڑھانے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران فواد پاشایف ڈائریکٹر یونیسکو اور عائشہ نثار پروگرام اسسٹنٹ (یوتھ)پر مشتمل وفد کو وزیراعظم آفس میں خوش آمدید کہا گیا۔
چیئرمین رانا مشہود احمد نے کہاکہ حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کا ڈیجیٹل یوتھ ہب نوجوانوں کو تعلیم، ہنر اور روزگار کے مواقع سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔انہوں نے تجویز دی کہ ڈیجیٹل یوتھ ہب کو یونیسکو کے ساتھ تعاون کے لیے مرکزی پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کیا جائے۔رانا مشہود احمد نے کہاکہ اسکل ڈویلپمنٹ اور تکنیکی تعلیم کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے نوجوانوں کے لیے روزگار اور کاروباری مواقع بڑھانے کے لیے بین الاقوامی تعاون کو ناگزیر قرار دیا۔
یونیسکو کے ڈائریکٹر فواد پاشایف نے کہاکہ نوجوانوں کی ترقی یونیسکو کی اہم ترین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہاکہ ڈیجیٹل یوتھ ہب شراکت داری کے لیے ایک مثر اور جدید پلیٹ فارم ثابت ہو سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان کی شاندار تاریخ اور ثقافتی ورثے کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک میں مزید مقامات کو یونیسکو ورلڈ ہیریٹیج سائٹس قرار دیا جا سکتا ہے۔یونیسکو ڈائریکٹر نے کہاکہ تمام بچوں کو روایتی تعلیم میں شامل کرنا ہمیشہ ممکن نہیں ہوتا، تاہم فنی و تکنیکی تربیت کے ذریعے تعلیمی خلا کو پر کیا جا سکتا ہے۔رانا مشہود احمد نے کہاکہ حکومت نوجوانوں کی ترقی کے لیے یونیسکو کے ساتھ شراکت داری کو مزید مضبوط اور یقینی بنانا چاہتی ہے۔
