اسلام آباد(سب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف سے آسیان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر کا کم ہورن نے وزیراعظم ہاوس میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وزیراعظم نے آسیان اور جنوب مشرقی ایشیائی خطے کے ساتھ پاکستان کی دیرینہ شراکت داری مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ خیرسگالی کو ٹھوس اقتصادی اور ترقیاتی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، دونوں فریقین نے غذائی تحفظ، موسمیاتی تبدیلی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے طریقوں پر بھی غور کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان کے تزویراتی محل وقوع کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان وسطی ایشیا، مشرق وسطی اور مغربی ایشیا کے سنگم پر واقع ہے اور وسیع تر خطے کے لیے گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے، جس سے علاقائی روابط، تجارت اور اقتصادی انضمام کو فروغ مل سکتا ہے۔آسیان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر کا کم ہورن نے پرتپاک مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے کے لیے آسیان کے عزم کا اعادہ کیا۔
ڈاکٹر کا کم ہورن نے پاکستان کی جانب سے قریبی روابط کے قیام میں دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مسلسل تعاون اور موجودہ دورہ دونوں فریقین کی شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے آسیان سیکرٹری جنرل کی ملاقات، اقتصادی تعاون پر تبادلہ خیال
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
