Thursday, May 14, 2026
ہومتازہ ترینمتحدہ عرب امارات ایران مخالف کارروائیوں میں براہ راست ملوث تھا، عباس عراقچی

متحدہ عرب امارات ایران مخالف کارروائیوں میں براہ راست ملوث تھا، عباس عراقچی

تہران (آئی پی ایس )ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے متحدہ عرب امارات کو ایران مخالف کارروائیوں میں براہِ راست ملوث قرار دیدیا۔ ایرانی وزیرخارجہ نے برکس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یکجہتی کی خاطر متحدہ عرب امارات کا نام نہیں لیا، جب ایران پر حملے شروع ہوئے تو متحدہ عرب امارات نے مذمت تک نہیں کی، ایران سے متعلق متحدہ عرب امارات اپنی پالیسی پر نظرِثانی کرے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا وقت آگیا ہے کہ امریکا کی غنڈہ گردی کو تاریخ کے کوڑے دان میں پھینک دیا جائے، امریکی غنڈہ گردی کے خلاف ہماری مزاحمت نئی جنگ نہیں، ہم میں سے اکثر قومیں اسی جبر کا مختلف شکلوں میں سامنا کرتے رہے ہیں۔عباس عراقچی بولے وقت آگیا ہے ہم مشترکہ طور پر آگے بڑھیں، غنڈہ گردی کا یہ عمل تاریخ کے کوڑے دان میں ڈالے جانے کے قابل ہے، آج ہم پہلے سے کہیں زیادہ ایک دوسرے کے قریب ہیں اور ہم اس مشترکہ اور خطرناک چیلنج کو نظر انداز نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا زوال پذیر سلطنتیں اپنے انجام کو روکنے کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتی ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے ایران جنگ کے دوران متحدہ عرب امارات کا خفیہ دورہ کیا اور اماراتی صدر سے ملاقات کی تاہم یو اے ای نے ایران جنگ کے دوران اسرائیلی وزیراعظم کے دورہ امارات کی تر دید کر دی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔