اسلام آباد (آئی پی ایس )نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور چین کے وزیر خارجہ وانگ ای کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں خطے کی حالیہ صورتحال اور مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گفتگو کے دوران دونوں رہنماوں نے ایران اور امریکا کے درمیان روابط کی بہتری کے لیے پاکستان کی جاری کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا
جس کا مقصد خطے میں دیرپا امن اور استحکام کو فروغ دینا ہے۔چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے اس کی حمایت کا اعادہ کیا۔دونوں فریقین نے مستقل اور پائیدار جنگ بندی کی اہمیت پر زور دیا اور آبنائے ہرمز سے معمول کے مطابق بحری گزرگاہ کی یقینی فراہمی کو بھی ضروری قرار دیا۔ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان آئندہ اعلی سطحی روابط، دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی تقریبات، اور وسیع تر دوطرفہ و کثیرالجہتی تعاون پر بھی بات چیت کی گئی۔دونوں رہنماوں نے اس بات پر اتفاق کیاکہ باہمی دلچسپی کے تمام امور پر قریبی رابطہ اور مشاورت جاری رکھی جائے گی۔
