Tuesday, May 12, 2026
ہومتازہ ترینوزیراعظم شہباز شریف کا صدر آذربائیجان سے ٹیلیفونک رابطہ، دوطرفہ تعلقات پر گفتگو

وزیراعظم شہباز شریف کا صدر آذربائیجان سے ٹیلیفونک رابطہ، دوطرفہ تعلقات پر گفتگو

اسلام آباد(سب نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر الہام علییوف کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر الہام علییوف کے درمیان نہایت گرمجوشی اور خیرسگالی پر مبنی گفتگو ہوئی، جس کے دوران انہوں نے باہمی تہنیتی پیغامات کا تبادلہ کیا اور پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات اور دوستی کے عزم کا اعادہ کیا۔

شہباز شریف نے صدر علییوف کو آئندہ ہفتے باکو میں منعقد ہونے والے ورلڈ اربن فورم کی کامیاب انعقاد کے لیے نیک تمناوں کا اظہار کیا انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ آذربائیجان کی قیادت میں یہ فورم عالمی شہری ترقی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے ایک موثر اور اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔وزیراعظم نے ناگزیر سرکاری مصروفیات کے باعث ذاتی طور پر فورم میں شرکت کرنے سے معذرت کی، تاہم انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فورم میں اعلی سطحی نمائندگی ہوگی، دونوں رہنماوں نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔دونوں رہنماوں نے تجارت و سرمایہ کاری، توانائی اور عوامی روابط سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا

انہوں نے خطے کی صورتحال بالخصوص مشرقِ وسطی میں جاری امن کوششوں اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔صدر علییوف نے ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی کے قیام میں پاکستان کی انتہائی کامیاب سفارتی کاوشوں کو سراہا، انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان اور اس کی قیادت پر عالمی برادری کے اعتماد اور بھروسے کا واضح مظہر ہے۔دونوں رہنماوں نے قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا اور رواں سال کے آخر میں اپنی بالمشافہ ملاقات کے منتظر ہونے کا اظہار کیا، وزیراعظم نے صدر علییوف کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی پرخلوص دعوت کا اعادہ بھی کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔