Monday, May 4, 2026
ہومبریکنگ نیوزدرجہ حرارت میں اضافہ پاکستان سمیت پوری دنیا کے لیے خطرہ بنتا جارہا ہے، چیئرمین این ڈی ایم اے کا انتباہ

درجہ حرارت میں اضافہ پاکستان سمیت پوری دنیا کے لیے خطرہ بنتا جارہا ہے، چیئرمین این ڈی ایم اے کا انتباہ

اسلام آباد (آئی پی ایس )چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کہا ہے کہ اس وقت پوری دنیا موسمیاتی تبدیلیوں کے شدید اثرات کی لپیٹ میں ہے، جس کے باعث زمین کا درجہ حرارت مسلسل بڑھ رہا ہے۔میڈیا بریفنگ کے دوران انہوں نے کہاکہ پاکستان بھی اس عالمی ماحولیاتی بحران سے بری طرح متاثر ہو رہا ہے اور اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو آئندہ وقتوں میں اس کے مزید سنگین نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔

ان کے مطابق درجہ حرارت میں اضافہ نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کے لیے بڑا خطرہ بنتا جا رہا ہے۔چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کا عمل شدت اختیار کررہا ہے، جو مستقبل میں پانی کی قلت اور قدرتی آفات میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ماہرین کی رائے کے مطابق رواں سال گرمی کی شدت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے، جس کے لیے بروقت اور مثر تیاری انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہورہے ہیں اور عالمی سطح پر اسے چوتھا سب سے زیادہ متاثرہ ملک قرار دیا جاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے حکومتی اقدامات کے ساتھ ساتھ معاشرے کے تمام طبقات کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔چیئرمین این ڈی ایم اے نے زور دیا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک عالمی مسئلہ ہے، جس کے اثرات کم کرنے کے لیے فوری، مربوط اور مثر حکمت عملی اپنانا ناگزیر ہے، بصورت دیگر آنے والے برسوں میں صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔