راولپنڈی:(آئی پی ایس) بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو آنکھ کی سرجری کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کرکے اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔
اڈیالہ جیل ذرائع کے مطابق بشری بی بی نے دائیں آنکھ کی بینائی متاثر ہونے کی شکایت کی تھی جس وجہ انہیں گزشتہ رات نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
ذرائع نے کہا کہ 16 اپریل کی شام مریضہ کو راولپنڈی کے نجی اسپتال منتقل کیا گیا اور سرجری سے قبل ضروری ٹیسٹ سمیت طبی معائنہ مکمل کیا گیا۔
جیل ذرائع نے بتایا کہ جیل انتظامیہ نے بشریٰ بی بی کا فوری ماہرین امراض چشم سے معائنہ کرایا جس پر ان کی دائیں آنکھ میں ریٹینل ڈیٹچمنٹ تشخیص ہوا، تشخیص کے پیش نظر ڈاکٹرز نےسرجری کا مشورہ دیا ہے، بشریٰ بی بی نے آپریشن کی رضامندی دی جب کہ ان کی سرجری پروفیسر ڈاکٹر ندیم قریشی اور پینل نے انجام دی۔
ذرائع کے مطابق سرجری اور ایک رات اسپتال قیام کے بعد مریضہ کو ڈسچارج کردیا گیا ہے اور اب ان کی طبیعت بالکل ٹھیک ہے البتہ آپریشن کے بعد کے معائنے اور فالواپ ڈاکٹرز کے مشورے مطابق کیے جائیں گے۔
دوسری جانب بشریٰ بی بی سے ان کی بیٹیوں اوربہن کی ملاقات کرادی گئی جو ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی۔
