اسلام آباد (آئی پی ایس) پاکستان کے ائیر ٹریفک کنٹرولرز کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو عالمی سطح پر بڑی پذیرائی حاصل ہوئی ہے، جہاں پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے مطابق بین الاقوامی ائیر ٹریفک کنٹرولرز فیڈریشن (آئی ایف اے ٹی سی اے) نے پاکستانی ائیر ٹریفک کنٹرولرز کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
آئی ایف اے ٹی سی اے نے اپنے خط میں کہا ہے کہ خطے میں فضائی دباؤ اور مشکل حالات کے باوجود پاکستانی کنٹرولرز نے اعلیٰ معیار کی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ تنظیم کے مطابق جغرافیائی سیاسی صورتحال کے باعث پاکستان کی فضائی گزرگاہ سے پروازوں میں نمایاں اضافہ ہوا، جس کے باوجود ایئر ٹریفک کنٹرولرز نے بہترین انداز میں فضائی نظام کو منظم رکھا۔
مزید بتایا گیا کہ پاکستانی ائیر ٹریفک کنٹرولرز نے غیر شیڈولڈ فضائی ٹریفک کو انتہائی مؤثر انداز میں سنبھالا اور ہر صورتحال میں سیفٹی اور ایفیشنسی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا۔
خط میں اس بات کو بھی سراہا گیا کہ کنٹرولرز نے طویل اور دباؤ والی ڈیوٹی کے باوجود اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ انداز میں نبھائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ متعلقہ پاکستانی وزارت اور اداروں کے تعاون کو بھی عالمی فیڈریشن کی جانب سے قابلِ تعریف قرار دیا گیا۔
پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی نے کہا ہے کہ یہ اعتراف پاکستانی ایوی ایشن سیکٹر کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے اور اس سے عالمی سطح پر پاکستان کے ائیر ٹریفک مینجمنٹ نظام کی ساکھ مزید مضبوط ہوئی ہے۔
