Tuesday, April 14, 2026
ہومبریکنگ نیوزبانی پی ٹی آئی کے خلاف فارن فنڈنگ کیس کا چالان تیار، ایف آئی اے نے اہم پیش رفت مکمل کر لی

بانی پی ٹی آئی کے خلاف فارن فنڈنگ کیس کا چالان تیار، ایف آئی اے نے اہم پیش رفت مکمل کر لی

اسلام آباد:(سب نیوز) بانی پی ٹی آئی کے خلاف فارن فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے نے چالان تیار کر لیا ہے جسے کل تک جمع کرائے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق چالان 57 صفحات پر مشتمل ہے جس میں مجموعی طور پر 11 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو کیس میں مرکزی ملزم قرار دیا گیا ہے جبکہ طارق شفیع، حامد زمان سمیت دیگر افراد بھی شامل ہیں۔ ایف آئی اے نے تین ملزمان کو اشتہاری قرار دیا ہے جن میں عارف نقوی، طارق رحیم شیخ اور دیگر شامل ہیں۔

چالان میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مختلف ممالک سے پی ٹی آئی کے اکاؤنٹ میں 1800 سے زائد ٹرانزیکشنز ہوئیں اور یہ رقوم “نیا پاکستان” کے نام سے موصول ہوئیں۔ ملزمان پر مجموعی طور پر 2.1 ملین ڈالر کی غیر قانونی فنڈنگ کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کو 2.1 ملین ڈالر کی رقم “ووٹ آن کرکٹ لمیٹڈ” نامی کمپنی کے ذریعے بھی موصول ہوئی، جس کے بارے میں الیکشن کمیشن کو دیے گئے ریکارڈ میں اسے عارف نقوی کی ملکیت ظاہر کیا گیا ہے۔ تاہم ایف آئی اے چالان کے مطابق یہ کمپنی کیمن آئی لینڈز میں رجسٹرڈ اور مشکوک قرار دی گئی ہے۔

چالان میں مزید کہا گیا ہے کہ بعض کمپنیوں کے جعلی یا غیر فعال ہونے کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔ عدالت نے ایف آئی اے کو ہدایت کی تھی کہ چالان جلد از جلد جمع کرایا جائے۔

دوسری جانب اسلام آباد کی خصوصی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی جس کی صدارت جج عبدالغفور کاکڑ نے کی۔ اسپیشل پراسیکیوٹر واثق ملک اور تفتیشی افسر عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ چالان مکمل ہو چکا ہے اور آج یا کل رجسٹرار کے پاس جمع کرایا جائے گا۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 21 اپریل تک ملتوی کر دی۔

عدالت نے ملزمان سراج احمد اور فیصل قاضی کی عبوری ضمانت میں بھی 21 اپریل تک توسیع کر دی۔ پراسیکیوشن نے مؤقف اختیار کیا کہ فیصل قاضی کی عدم دستیابی کے باعث دلائل مکمل نہیں ہو سکے جبکہ وکیل صفائی نے بتایا کہ وہ دبئی میں بینک کے عہدیدار ہیں اور ہر سماعت پر پاکستان آتے ہیں۔

پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم عدالت کو آگاہ کیے بغیر بیرون ملک نہیں جا سکتا۔ جج نے ریمارکس دیے کہ اگر آئندہ سماعت پر ملزم پیش نہ ہوا تو سخت کارروائی کی جائے گی۔

یہ مقدمہ ایف آئی اے کی جانب سے منی لانڈرنگ اور دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔