یقین ہے کہ امریکہ -ایران مذاکرات کے نتیجے میں مستقل جنگ بندی اور وسیع تر امن پیدا ہوگا
اسلام آباد: اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا ہے کہ پاکستان نے امریکہ اور ایران کے درمیان حالیہ جنگ بندی میں اپنا کردار مؤثر طریقے سے ادا کیا ہے جو عالمی سطح پر ایک ذمہ دار اور قابل اعتماد ثالث کے طور پر ملک کی بڑھتی ہوئی تکریم کا عکاس ہے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ امریکہ -ایران مذاکرات کے نتیجے میں ایک مستقل جنگ بندی کی صورت میں وسیع تر امن و سکون پیدا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد نے اپنی مخلصانہ اور بروقت کوششوں کے ذریعے ایک سازگار سفارتی ماحول پیدا کرنے میں مدد کی جس نے دونوں فریقوں کے درمیان کشیدگی میں کمی اور بات چیت کی راہ ہموار کی۔
سردار طاہر محمود نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان اب جنگ بندی کے ایک سہولت کار سے آگے بڑھ کر ایک پائیدار، طویل مدتی علاقائی استحکام اور امن کے لیے بامعنی کردار ادا کرے گا۔
انھوں نے کہا کہ سویلین قیادت نے تناؤ میں کمی کے لیے اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے عالمی دارالحکومتوں کے ساتھ فعال طور پر رابط کاری کی جب کہ فوجی قیادت نے واشنگٹن میں اہم اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ موثر چینلز کو برقرار رکھا۔
انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری ان تمام اقدامات کی مکمل حمایت کرتی ہے جن کا مقصد امن کو فروغ دینا اور تناؤ کو کم کرنا ہے، کیونکہ پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے استحکام ضروری ہے۔
سردار طاہر محمود نے اس امید کا اظہار کرتے ہوئے اختتام کیا کہ پاکستان عالمی امن کی کوششوں میں تعمیری اور قائدانہ کردار ادا کرتا رہے گا اور طویل المدتی سفارتی حل کو ممکن بنانے والے کے طور پر ابھرے گا اور عالمی سطح پر ایک ذمہ دار اور بااثر کھلاڑی کے طور پر اپنی پوزیشن کو مزید مضبوط کرے گا۔
