اسلام آباد: (سب نیوز) وفاقی آئینی عدالت نے توہین عدالت کے مقدمات پر واضح فیصلہ جاری کر دیا ہے۔ عدالت نے کہا ہے کہ وفاقی آئینی عدالت کو بھی توہین عدالت کے مقدمات سننے کا اختیار حاصل ہے، جو آئین کے آرٹیکل 189 اور 204 سے واضح ہے۔
فیصلے کے مطابق، توہین عدالت کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی عدالت کا بنیادی آئینی اختیار ہے۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ درخواست گزار نے آئینی عدالت کے اختیارِ سماعت پر جو اعتراض اٹھایا تھا، وہ درست نہیں۔ درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ توہین عدالت کی درخواست رجسٹرار سپریم کورٹ کے خلاف ہے اور توہین عدالت آرڈیننس 2003 میں آئینی عدالت کا ذکر نہیں، لیکن عدالت نے اسے مسترد کر دیا۔
عدالت نے یہ واضح کیا کہ آئین کے آرٹیکل 204 کے تحت توہین عدالت کے اختیارات واضح ہیں اور عدالت ایسے خطوط یا مراسلات پر کارروائی کر سکتی ہے جو جج کو بنچ سے الگ کرنے یا عدالتی کارروائی میں مداخلت کے لیے بھیجے جائیں، تاہم عدالت تحمل کا مظاہرہ کرے گی۔
اسی فیصلے میں عدالت نے چیئرمین ڈرگ کورٹ گوجرانوالہ کی برطرفی کیخلاف دائر اپیل بھی خارج کر دی۔ عدالت نے کہا کہ درخواست گزار کا موقف درست نہیں کہ برطرفی سے قبل شوکاز نوٹس جاری نہیں کیا گیا۔ مزید یہ کہ درخواست گزار پر بطور چیئرمین ڈرگ کورٹ کوئی بھی مقدمہ نہ نمٹانے کا الزام تھا، اور انہیں قانونی طریقہ کار کے مطابق برطرف کیا گیا۔
عدالت نے مزید نوٹ کیا کہ درخواست گزار نے رجسٹرار آفس کو خطوط لکھے جن میں جسٹس عامر فاروق کو بنچ سے الگ ہونے کا کہا گیا تھا، اور فیصلہ محفوظ ہونے کے بعد ایسے خطوط لکھنا توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔
