اسلام آباد (سب نیوز)بلوچستان کے بعد خیبرپختونخوا میں بھی انرجی ایمرجنسی نافذ، مارکیٹس اور کمرشل مراکز کے اوقات کار تبدیل ،خیبرپختونخوا حکومت نے غیر ضروری بجلی کے استعمال کو کم کرنے کے لیے صوبے میں انرجی ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔ اعلامیے کے مطابق یہ اقدام شام کے اوقات میں توانائی کی بچت کو ممکن بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق انرجی ایمرجنسی کا اطلاق ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں ہوگا، جہاں تمام بازار، شاپنگ پلازے اور کمرشل مراکز رات 9 بجے بند ہوں گے۔ رات کو کھیلوں کی سرگرمیاں بھی 9 بجے تک ختم کی جائیں گی۔دیگر اضلاع میں بازار، شاپنگ پلازے اور کمرشل سرگرمیاں رات 8 بجے تک بند ہوں گی، جبکہ تمام ریسٹورنٹس، کیفے اور کھانے پینے کے مراکز رات 10 بجے تک بند کیے جائیں گے۔ شادی ہالز، مارکیٹ، ایونٹ ہالز اور دیگر تقریبات بھی رات 10 بجے اختتام پذیر ہوں گی۔ دوسری جانب بلوچستان میں مشرق وسطی میں جاری کشیدگی کے پیش نظر کفایت شعاری کے فیصلوں پر عملدرآمد آج سے شروع ہو گیا ہے۔
کوئٹہ سے جاری نوٹیفکیشن میں توانائی کی بچت اور عوامی سہولت کے لیے مارکیٹوں، شادی ہالز اور ریستورانوں کے اوقات کار میں تبدیلی کی گئی ہے۔محکمہ داخلہ بلوچستان کی ہدایات کے مطابق مارکیٹیں اور شاپنگ مال رات 8 بجے کے بعد بند ہو جائیں گے، جبکہ دوا خانے، بیکریاں اور تندور اس پابندی سے مستثنی ہیں۔شادی ہال، ضیافت ہال اور ہوٹلوں میں ہونے والی تقریبات رات 10 بجے تک ختم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، اسی طرح ریستوران اور ہوٹل بھی رات 10 بجے تک بند ہوں گے۔ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ یہ فیصلے سختی سے نافذ کریں اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ توانائی کے بحران سے نمٹنے میں مکمل تعاون فراہم کریں۔
