Monday, March 30, 2026
ہومپاکستانسینیٹ کمیٹی نے ایکسپو سینٹر کوئٹہ منصوبے کی منظوری دیدی، وزیراعلیٰ بلوچستان کا ایئرپورٹ کے قریب دوسرا ایکسپو سینٹر قائم کرنے کا اعلان

سینیٹ کمیٹی نے ایکسپو سینٹر کوئٹہ منصوبے کی منظوری دیدی، وزیراعلیٰ بلوچستان کا ایئرپورٹ کے قریب دوسرا ایکسپو سینٹر قائم کرنے کا اعلان

اسلام آباد(سب نیوز) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں سینیٹر انوشہ رحمان کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں ایکسپو سینٹر کوئٹہ منصوبے پر کمیٹی کی سابقہ مشاورت کی روشنی میں تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، سینیٹر فیصل سلیم رحمان، سینیٹر عامر ولی الدین چشتی، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور سینیٹر راحت جمالی شریک ہوئے جبکہ سینیٹر سرمد علی اور سینیٹر بلال احمد خان ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
کمیٹی نے ایکسپو سینٹر کوئٹہ منصوبے کی اہمیت کے پیشِ نظر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی شرکت کو سراہا۔
بریفنگ کے دوران کمیٹی کو منصوبے کی موجودہ پیش رفت اور اس سے متعلق اہم امور سے آگاہ کیا گیا۔ مجوزہ مقام سے متعلق خدشات پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ کوئٹہ دیگر بڑے شہروں کی طرح ایک محفوظ شہر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ منتخب کردہ مقام صنعتی زون کے قریب واقع ہے جو مؤثر انداز میں کام کر رہا ہے۔ مزید بتایا گیا کہ پلاننگ کمیشن کی کمیٹی سکیورٹی کے نقطہ نظر سے اس مقام کی منظوری دے چکی ہے اور منصوبہ پہلے ہی تاخیر کا شکار ہو چکا ہے۔
کمیٹی کے ارکان نے موجودہ مقام پر ایکسپو سینٹر، ایئرپورٹ سے فاصلے اور بین الاقوامی مندوبین کی آمدورفت کے ممکنہ مسائل کے تناظر اور ایکسپو سینٹر کی طویل مدتی خود کفالت سے متعلق سوالات اٹھائے۔
اس پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے تجویز دی کہ موجودہ مقام پر ایکسپو سینٹر کوئٹہ منصوبہ منصوبہ بندی کے مطابق جاری رکھا جائے، جبکہ حکومت بلوچستان کاروباری برادری اور دیگر متعلقہ فریقین کی سہولت کے لیے کوئٹہ ایئرپورٹ کے قریب ایک اور ایکسپو سینٹر بھی قائم کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی ایکسپو سینٹر کے لیے مقام کا حتمی تعین بلوچستان کابینہ، کمیٹی ارکان اور اہم اسٹیک ہولڈرز بشمول کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا، تفصیلی غور و خوض کے بعد کمیٹی نے اس تجویز پر اتفاقِ رائے کیا اور ایکسپو سینٹر کوئٹہ منصوبے کی منظوری دے دی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔