اسلام آباد (سب نیوز) چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد کی ہدایت پر سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کی فیلڈ ٹیموں کو تیز بارش کے دوران ہائی الرٹ کردیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ، ایم سی آئی اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ ٹیمیں فیلڈ میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں، اسلام آباد انتظامیہ اور سی ڈی اے کے افسران فیلڈ میں موجود رہ کر سخت مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں، نشیبی علاقوں میں مشینری اور ڈی واٹرنگ پمپس کی موجودگی کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔
ترجمان کے مطابق چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تیز بارش کے دوران تمام نشیبی علاقوں، انٹرچینجز و انڈر پاسز اور مرکزی شاہراہوں کی کلیئرنس کو یقینی بنایا جا رہا ہے،شاہراؤں پر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے انڈر پاسز اور دیگر مقامات پر نکاسی آب کیلئے خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں،نکاسی آب کو یقینی بنانے کیلئے نالوں اور نشیبی علاقوں میں حائل تمام روکاوٹیں ختم کی جارہی ہیں،کسی بھی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر شہری سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کے ایمرجنسی نمبر 16 اور 1334 پر رابطہ کرسکتے ہیں،موصول ہونے والی تمام شکایات کا بروقت ازالہ ہر حال میں ممکن بنایا جا رہا ہے،شہری احتیاطی تدابیر اور حکام کی ہدایات پر عمل کریں۔
انتظامیہ کے مطابق تیز بارش کے دوران شہری غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور احتیاطی تدابیر پر عمل کریں،ان اقدامات کا مقصد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شہریوں کی حفاظت اور انکو بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
شہر اقتدار میں تیز بارش، چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد کی ہدایت پر فیلڈ ٹیموں کو ہائی الرٹ کردیا گیا
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
