اسلام آباد(آئی پی ایس ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار طاہر محمود نے مشرق وسطی میں جاری تنازعات کے حل کے لیے پاکستان کی فعال سفارتی کوششوں کی بھرپور تعریف کی ہے اور انہیں عالمی منڈیوں کے استحکام، علاقائی تجارت کے تحفظ اور مزید معاشی خلل کو روکنے کے لیے اہم قرار دیا ہے۔
پیر کو یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے ملک کی سول ملٹری قیادت کی تعریف کی جو متعلقہ فریقوں کے درمیان مذاکرات کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔سردار طاہر محمود نے کہا کہ جاری تنازعہ توانائی کی قیمتوں میں اضافے، بین الاقوامی تجارتی راستوں میں خلل ڈالنے اور دنیا بھر میں مہنگائی میں اضافے کے ذریعے عالمی معیشتوں کو شدید متاثر کر رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بروقت سفارتی مداخلت نہ صرف علاقائی امن بلکہ اقتصادی استحکام کے تحفظ کے لیے بھی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشرق وسطی میں طویل تنا پاکستان کی برآمدات، ترسیلات زر اور اہم منڈیوں کے ساتھ تجارتی روابط کو منفی طور پر متاثر کر سکتا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ثالثی کی کوششیں خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے میں اس کے ذمہ دارانہ کردار کی عکاس ہیں۔
