Sunday, March 15, 2026
ہومپاکستانکنگ سلمان ریلیف سینٹر کی جانب سے پاکستان میں مویشیوں کی تقسیم کا آخری مرحلہ کامیابی سے مکمل کر لیا گیا

کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی جانب سے پاکستان میں مویشیوں کی تقسیم کا آخری مرحلہ کامیابی سے مکمل کر لیا گیا

اسلام آباد (آئی پی ایس )کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے پاکستان میں مویشیوں کی فراہمی کے ذریعے کمزور گھرانوں کی معاشی بااختیاری 26-2025 منصوبے کے آخری مرحلے (مرحلہ سوم)کو کامیابی کے ساتھ مکمل کرلیا ہے۔

اس منصوبے کا مقصد مستحق خاندانوں کے روزگار کو مضبوط بنانا اور ان کی معاشی حالت کو بہتر بنانا تھا۔اس مرحلے کے تحت کل 500مستحق گھرانوں میں 500 گائیں بمع 2 بوریاں سائیلج تقسیم کی گئیں، یہ تقسیم تین اضلاع چارسدہ (200گائیں)، مردان (150گائیں)اور نوشہرہ (150گائیں)میں کی گئی۔اس کے علاوہ مستفید ہونے والے خاندانوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے ضلعی محکمہ لائیو اسٹاک کے تعاون سے مویشیوں کی دیکھ بھال، صحت اور افزائش سے متعلق 40 تربیتی نشستیں بھی منعقد کی گئیں تاکہ خاندان پائیدار بنیادوں پر مویشی پال کر آمدن حاصل کر سکیں۔

اس اقدام کے ذریعے 500 گھرانوں کو براہِ راست فائدہ پہنچا، جس سے 3 ہزار 570 افراد مستفید ہوئے۔ اس سے گھریلو آمدن میں اضافہ، غذائی تحفظ میں بہتری اور پائیدار روزگار کے مواقع پیدا ہوئے۔یہ منصوبہ پیس اینڈ ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن کے ذریعے محکمہ ریلیف، بحالی و آبادکاری خیبرپختونخوا، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور مقامی انتظامیہ کے اشتراک سے مکمل ہوا۔یہ منصوبہ مملکتِ سعودی عرب کے اس انسانی ہمدردی کے وژن کی عکاسی کرتا ہے جس کا مقصد کمزور طبقات کو بااختیار بنانا، خود انحصاری کو فروغ دینا اور پائیدار ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔