اسلام آباد(سب نیوز)اسلامی تعاون تنظیم کی وزارتی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون (کامسٹیک)کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری اور پاکستان میں چین کے سفارت خانے کے منسٹر قونصلرشو ہانگ تیان کے درمیان اسلام آباد میں چینی سفارت خانے میں ملاقات ہوئی،جس میں کامسٹیک اور چین کے درمیان سائنسی، تکنیکی اور تعلیمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر چینی سفارت خانے کے سائنس کمشنر ین شینگ شن اور کامسٹیک کی پروگرام مینیجر خزیمہ معظم بھی موجود تھیں۔
ملاقات کے دوران پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کامسٹیک کے ساتھ چین کے مسلسل تعاون کو سراہتے ہوئے سائنس، ٹیکنالوجی، صحت اور جدت کے شعبوں میں شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ مشترکہ تحقیقی منصوبے اور تربیتی پروگرام اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے سائنسدانوں اور محققین کے لیے مفید ثابت ہو رہے ہیں۔شو ہانگ تیان نے کامسٹیک اور اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے اداروں کے ساتھ تعاون کو وسعت دینے کے لیے چین کے عزم کا اعادہ کیا اور سائنسی و تعلیمی روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس کے دوران چین کے تعلیمی و تحقیقی اداروں کے ساتھ جاری مشترکہ پروگراموں کا جائزہ بھی لیا گیا، جن میں ہونان یونیورسٹی آف میڈیسن اور ننگبو یونیورسٹی کے ساتھ ٹیکنیشنز کے تربیتی پروگرام شامل ہیں۔
اسی طرح ننگبو یونیورسٹی کے اشتراک سے اپلائیڈ بائیومیڈیکل مصنوعی ذہانت پر 19 روزہ سرٹیفکیٹ کورس بھی منعقد کیا گیا جس میں مختلف اسلامی ممالک کے محققین نے شرکت کی۔ملاقات میں کامسٹیک ژیجیانگ جوائنٹ لیبارٹری کے قیام، مشترکہ تحقیق کے فروغ اور بیجنگ میں کامسٹیک کے دفتر کے قیام کی تجویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس کے علاوہ اپریل 2026 میں 27 رکنی چینی وفد کے مجوزہ دورے پر بھی گفتگو کی گئی جس سے تربیتی پروگراموں اور تحقیقی تعاون کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔ملاقات میں یہ تجویز بھی پیش کی گئی کہ کامسٹیک کے ساتھ رابطوں کو مزید موثر بنانے کے لیے چینی سفارت خانے کی جانب سے ایک مستقل نمائندہ نامزد کیا جائے۔
اس کے علاوہ سنکیانگ میڈیکل یونیورسٹی کے تعاون سے مصنوعی ذہانت، بائیوٹیکنالوجی اور فارماسیوٹیکل سائنس کے شعبوں میں مشترکہ تربیتی پروگراموں کو وسعت دینے پر بھی غور کیا گیا۔ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے سائنس، ٹیکنالوجی اور جدت کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل کی پاکستان میں چینی سفارتخانے کے منسٹر قونصلرسے ملاقات ،تعلیمی و تکنیکی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
