اسلام آباد (سب نیوز)
چیئرمین سینیٹ، سید یوسف رضا گیلانی نے نیپال میں حالیہ پارلیمانی انتخابات کے کامیاب انعقاد اور راشٹریہ سواتنترا پارٹی کی کامیابی پر نیپال کی عوام اور پارٹی قیادت کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آر ایس پی کی کامیابی نیپال کے عوام کے جمہوری اقدار پر اعتماد اور ایسی نئی قیادت پر بھروسے کا مظہر ہے جو شفافیت، جوابدہی اور عوامی خدمت کے اصولوں پر کاربند ہے۔ انہوں نے کہا کہ بالندر شاہ نے ایک نوجوان رہنما کے طور پر اصلاحات پر مبنی طرزِ قیادت، جدید طرزِ حکمرانی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی وابستگی کے ذریعے شہریوں کو متاثر کیا ہے، خصوصاً مقامی حکومت اور شہری ترقی کے شعبوں میں ان کے کردار کو سراہا جا رہا ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ جمہوری سیاست میں نوجوان قیادت کا ابھرنا اداروں کے استحکام اور عوامی توقعات کے مطابق حکمرانی کے فروغ کے لیے ایک حوصلہ افزا علامت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بالندر شاہ کی قیادت میں آر ایس پی نیپال میں جمہوری استحکام، سماجی و معاشی ترقی اور ادارہ جاتی مضبوطی میں مثبت کردار ادا کرے گی۔
پاکستان اور نیپال کے درمیان دوستانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی احترام، مشترکہ علاقائی مفادات اور علاقائی و کثیرالجہتی فورمز میں تعاون کی بنیاد پر دیرینہ دوستانہ روابط موجود ہیں۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط اور عوامی سطح پر تعلقات آئندہ برسوں میں مزید فروغ پائیں گے۔
چیئرمین سینیٹ نے نیپال کے عوام کی خوشحالی اور ملک میں جمہوری نظام کے مزید استحکام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
