اسلام آباد(سب نیوز)چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت پیر کے روز سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں رواں برس مون سون کی تیاریوں کے حوالے سے قبل از وقت کئے گئے انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔
جسمیں سی ڈی اے کے ممبر ایڈمن و اسٹیٹ طلعت محمود، ممبر انوائرمنٹ اسفندیار بلوچ، ممبر فنانس طاہر نعیم، ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) کیپیٹل ایمرجنسی سروسز، ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی)انوائرمنٹ، انجینئرنگ ونگ اور اسلام آباد انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ اجلاس کا مقصد مون سون میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے حوالے سے قبل از وقت تیار رہنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مون سون سیزن کے دوران کیپیٹل ایمرجنسی سروس لیڈ رول ادا کریگی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ تمام نشیبی علاقوں کیساتھ ساتھ ایسے مقامات کی نشاندہی کی جائے جہاں سیلاب آنے یا پانی کھڑا ہونے کے امکانات ہوں.انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ایسے علاقوں کی بھی نشاندہی کی جائے جو گزشتہ برس مون سون بارشوں سے متاثر ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے قبل ازوقت انتظامات تجویز کیے جائیں۔ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی)کیپیٹل ایمرجنسی سروس نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کیپیٹل ایمرجنسی سروس کے عملے کی استعداد کار کو بڑھانے کیلئے عملے کی واٹر ریسکیو ٹریننگ چائنہ اور پاکستان نیوی سے کروائی گئی ہے۔
اسی طرح فلیش فلڈنگ کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بھی عملے کو ٹریننگ دی گئی ہے۔ بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مون سون سیزن سے قبل کئے گئے انتظامات میں فلڈ فائٹنگ آلات کا معائنہ اور دستیابی، ندی نالوں کی صفائی کے عمل کا آغاز شامل ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ تمام شعبوں میں باہمی رابطے کیلئے فلڈ کنٹرول روم کا قیام، نشیبی علاقوں کی نشاندہی، موثر وارننگ سسٹم مون سون سیزن کے حوالے سے کئے گئے قبل از وقت انتظامات میں شامل ہیں۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ شعبہ کیپیٹل ایمرجنسی سروس نے سپیشلائزڈ واٹر ریسکیو ٹیم تشکیل دے دیدی ہے جو 12 ارکان پر مشتمل ہوگی۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ مون سون سے قبل ندی نالوں کے اطراف قائم کی گئی غیر قانونی تجاوزات کو ختم کیا جائے اور کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بروقت نمٹنے کیلئے واٹر پمپس سمیت دیگر آلات کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی واٹرنگ سیٹس کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مون سون سیزن سے قبل انتظامات کے حوالے سے بھر پور پلاننگ اور اس کے مطابق ورکنگ کرنا نہایت ضروری ہے۔
