Saturday, March 7, 2026
ہومکامرسپیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ مہنگائی کا نیا طوفان لاے گا: آئی سی سی آئی صدر

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ مہنگائی کا نیا طوفان لاے گا: آئی سی سی آئی صدر

اسلام آباد: اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی قیادت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 55 روپے فی لیٹر اضافے کو تجارت اور صنعت کے لیے انتہائی نقصان دہ قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس سے ملک میں مہنگائی کی نئی لہر آے گی ۔


صدر سردار طاہر محمود نے کہا ہے کہ پٹرولیم کی قیمتوں میں اس قدر ہوشربا اضافے سے براہ راست پیداواری لاگت، ٹرانسپورٹیشن چارجز اور کاروبار کے مجموعی آپریشنل اخراجات بڑھیں گے جس سے صنعت اور تجارت کے لیے اپنی سرگرمیاں جاری رکھنا مشکل ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی معیشت کو پہلے ہی متعدد معاشی چیلنجز اور دباؤ کا سامنا ہے اور ایندھن کی قیمتوں میں تازہ ترین اضافہ صورتحال کو مزید گھمبیر کر دے گا۔
انہوں نے کہا کہ تیل کی بین الاقوامی قیمتوں میں اضافے کا سارا بوجھ عوام اور تاجر برادری پر ڈالنا بلاجواز اور ناانصافی ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ عالمی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا مکمل اثر صارفین پر ڈالنے کے بجائے پیٹرولیم لیوی اور دیگر ٹیکسوں میں کمی کرکے ریلیف فراہم کرے۔
سردار طاہر محمود نے مزید نشاندہی کی کہ پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافے کا باعث بنے گا، جو بالآخر اشیائے ضروریہ اور روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کرے گا، جس سے عام لوگوں پر مہنگائی کا دباؤ بڑھے گا۔


سینئر نائب صدر طاہر ایوب نے کہا ہے کہ صنعتی شعبہ پہلے ہی توانائی کی بلند قیمتوں اور بڑھتے ہوئے آپریشنل اخراجات کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہے۔ اگر پیٹرولیم کی قیمتیں اسی رفتار سے بڑھتی رہیں تو اس کے نتیجے میں پیداواری لاگت میں اضافہ، کاروباری سرگرمیوں میں سست روی اور ملازمتوں میں ممکنہ نقصان ہو سکتا ہے، جس سے معاشی نمو مزید متاثر ہو سکتی ہے۔


نائب صدر عرفان چوہدری نے حکومت پر زور دیا کہ وہ کاروبار دوست پالیسیاں اپنائے، پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس کا بوجھ کم کرے اور معیشت کے استحکام اور تاجر برادری کو سہولت فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے۔
چیمبر کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے صدر سردار طاہر محمود نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری تاجر برادری کے تحفظات کو ہر متعلقہ فورم پر اٹھاتا رہے گا اور ملک میں معاشی استحکام اور پائیدار کاروباری ترقی کو فروغ کے لیے پالیسی سازوں کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔