ڈھاکہ(آئی پی ایس )مشرقِ وسطی میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث بنگلہ دیش کے ڈھاکا اور چٹاگانگ ایئرپورٹس پر گزشتہ 4 دن کے دوران مجموعی طور پر 182 بین الاقوامی پروازیں منسوخ کردی گئیں، جس سے ہزاروں مسافر متاثر ہوئے ہیں۔ ایئرپورٹ حکام کے مطابق ڈھاکا کے حضرت شاہ جلال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 147 جبکہ چٹاگانگ کے شاہ امانت انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 35 پروازیں منسوخ کی گئیں۔ یہ بھی پڑھیں: پاسدارانِ انقلاب کے کنٹرول مراکز تباہ، امریکی سینٹرل کمانڈ کا دعوی، بحرین میں امریکی فضائی اڈے پر ایرانی میزائلوں اور ڈرونز کی بارش
یہ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب گزشتہ ہفتے اسرائیل اور امریکا کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی شدت اختیار کر گئی۔ جوابا ایران نے اسرائیل اور امریکی مفادات سے منسلک تنصیبات پر میزائل اور ڈرون حملے کیے، جس کے بعد سکیورٹی خدشات بڑھ گئے۔کشیدگی کے باعث عراق، کویت، متحدہ عرب امارات، بحرین، قطر اور اردن سمیت کئی ممالک نے 28 فروری کو اپنی فضائی حدود بند کر دیں، جس سے بنگلہ دیش اور خلیجی ممالک کے درمیان فضائی آپریشن شدید متاثر ہوا۔
حکام کے مطابق حضرت شاہ جلال ایئرپورٹ پر ہفتہ کے روز 23، اتوار کو 40 اور پیر کو 46 پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ منگل کے روز اکیلے 38 پروازیں منسوخ کی گئیں۔ متاثرہ ایئرلائنز میں قطر ایئرویز، امارات، گلف ایئر، فلائی دبئی، کویت ایئرویز، جزیرہ ایئرویز، ایئر عربیہ اور یو ایس بنگلہ ایئرلائنز شامل ہیں۔
چٹاگانگ کے شاہ امانت ایئرپورٹ پر بھی منگل کی صبح 7 پروازیں منسوخ کی گئیں۔ گزشتہ 4 دنوں میں یہاں بنگلہ دیش ایئرلائنز کی ایک، یو ایس بنگلہ ایئرلائنز کی 2 اور ایئر عربیہ کی 4 پروازیں منسوخ ہوئیں۔
تاہم محدود فضائی آپریشن جاری رہا۔ مسقط سے سلام ایئر کی ایک پرواز چٹاگانگ پہنچی اور بعد ازاں مسافروں کو لے کر واپس روانہ ہوئی، جبکہ مدینہ سے آنے والی بنگلہ دیش ایئرلائنز کی پرواز بھی شاہ امانت ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے کے بعد ڈھاکا روانہ ہوگئی۔جاری تنازع کے باعث خصوصا خلیجی ممالک جانے والے مزدوروں اور مسافروں میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، جبکہ ایئرلائنز خطے کی سیکیورٹی صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہی ہیں۔
