Monday, March 2, 2026
ہومتازہ ترینایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای بعد اگلا ہدف کون؟ اسرائیل نے بتادیا

ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای بعد اگلا ہدف کون؟ اسرائیل نے بتادیا

تل ابیب(آئی پی ایس)): اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے اعلان کیا ہے کہ حزب اللہ کے سربراہ شیخ نعیم قاسم اب اسرائیل کی ہٹ لسٹ پر ہیں اور انہیں کسی بھی وقت نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر جاری اپنے بیان میں اسرائیل کاٹز نے کہا کہ اسرائیل پر حملوں کی پاداش میں حزب اللہ کو “بھاری قیمت” چکانی پڑے گی، اسرائیلی وزیر دفاع نے کہا نعیم قاسم اب سے ہمارے لیے ایک ‘نشان زدہ ہدف’ ہیں۔
اسرائیلی وزیر دفاع نے مزید سخت لہجہ اپناتے ہوئے کہا کہ جو کوئی بھی خامنہ ای کے راستے پر چلے گا، وہ جلد ہی خود کو جہنم کی گہرائیوں میں ان تمام لوگوں کے ساتھ پائے گا جنہیں ختم کیا جاچکا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے پیر کی صبح لبنان میں حزب اللہ کے خلاف جارحانہ جنگ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ لبنانی وزارت صحت کے مطابق بیروت کے جنوبی مضافات اور جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی فضائی حملوں میں اب تک 31 افراد جاں بحق اور 149 زخمی ہو چکے ہیں۔
حزب اللہ کا کہنا ہے کہ پیر کی صبح اسرائیلی فوجی تنصیبات پر میزائلوں اور ڈرونز سے جوابی حملہ کیا ہے، حزب اللہ کے مطابق یہ کارروائی لبنان پر روزانہ کی بنیاد پر ہونے والے اسرائیلی حملوں اور ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کا بدلہ لینے کے لیے کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ہفتے کی صبح سے امریکا اور اسرائیل نے ایران کے خلاف بڑے پیمانے پر حملے شروع کر رکھے ہیں، جن میں ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای اور کئی اعلیٰ حکام سمیت سینکڑوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ تہران نے ان حملوں کے جواب میں اسرائیل اور خلیجی ممالک میں موجود امریکی اڈوں پر میزائل اور ڈرون داغے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔