اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ عمران خان کو دوسرا انجکشن 25فروری کو لگے گا اور اگر لیزر آپریشن کی ضرورت پڑی تو وہ بھی کیا جائے گا۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں طارق فضل چوہدری نے کہا کہ گزشتہ روزعمران خان کا تفصیلی طبی معائنہ اڈیالہ جیل کے اندر حکومتی ہدایات کے مطابق مکمل شفافیت کے ساتھ کرایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہر ضروری سہولت موقع پر فراہم کی تاکہ کسی بھی قسم کی کوتاہی کا سوال پیدا نہ ہو، خصوصی طور پر او سی ٹی مشین اور مکمل سہولیات سے لیس ہیوی ایمبولینس جیل کے اندر پہنچائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ پمز کے ڈاکٹر عارف اور شفا اسپتال کے ڈاکٹر ندیم قریشی نے فزیکل معائنہ کیا جبکہ سینئر ماہرین ڈاکٹر عاصم یوسف اور ڈاکٹر مرزا کانفرنس کال پر موجود رہے اور بیرسٹر گوہر کو بھی تمام پیش رفت سے آگاہ رکھا گیا۔طارق فضل چوہدری نے لکھا کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق سوجن میں واضح کمی آئی ہے، بینائی میں بہتری آ رہی ہے جبکہ معائنے کے دوران آنکھ میں کوئی بڑی پیچیدگی سامنے نہیں آئی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے خاندان کو بھی باقاعدہ مطلع کیا کہ وہ معائنے کے دوران موجود رہ سکتے ہیں تاہم خاندان کی جانب سے کوئی نمائندہ نہیں آیا، اس کے باوجود تمام کارروائی آزاد ماہرین کی نگرانی میں کی گئی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ قیدی کی حیثیت کے باوجود عمران خان کو تمام طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ ہر شہری کو معیاری علاج مہیا کرے اور عمران خان کے معاملے میں کوئی کوتاہی نہیں برتی گئی۔
عمران خان کی آنکھ کے لیزر آپریشن کی ضرورت پڑی تو وہ بھی کیا جائے گا، وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
