Thursday, February 12, 2026
ہومتازہ ترینسال 2026 کا پہلا سی ڈی اے بورڈ اجلاس، متعدد منصوبوں کی منظوری

سال 2026 کا پہلا سی ڈی اے بورڈ اجلاس، متعدد منصوبوں کی منظوری


اسلام آباد (سب نیوز ) چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی زیرِ صدارت سال 2026 کا سی ڈی اے بورڈ کا پہلا اجلاس منعقد ہوا جس میں ممبر ایڈمن، ممبر فنانس، ممبر انجینئرنگ، ممبر انوائرمنٹ، ممبر پلاننگ و ڈیزائن سمیت دیگر سینئر افسران نے شرکت کی، جبکہ وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی نے بذریعہ زوم لنک اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں سال 2026 کے پہلے بورڈ اجلاس کے دوران متعدد اہم ایجنڈا آئٹمز زیرِ بحث لائے گئے اور مختلف ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔

بورڈ نے لوئر کورٹس سے متصل وکلاء چیمبرز اور کثیر المنزلہ پارکنگ ایریا کی تعمیر کے لیے پلاٹ کی الاٹمنٹ کی منظوری دے دی۔ یہ پلاٹ منسٹری آف لاء اینڈ جسٹس کی درخواست پر پہلے سے الاٹ شدہ پلاٹ کے متبادل کے طور پر فراہم کیا گیا ہے تاکہ وکلاء کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

اجلاس میں پاکستان انجینئرنگ کونسل کو بھی پلاٹ الاٹ کرنے کی منظوری دی گئی۔

سی ڈی اے بورڈ نے موو ایریا (Mauve Area) میں فیلڈ آڈٹ آفس کمپلیکس کی تعمیر کے لیے اراضی کی فراہمی کی درخواست پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

اسلام آباد میں پانی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے شاہدرہ ڈیم منصوبے کی فیزیبلٹی اسٹڈی، تفصیلی ڈیزائن، واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی اسٹڈی اور کنڈکشن لائنز سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا تاکہ مستقبل کی ضروریات کو بروقت پورا کیا جا سکے۔

اجلاس میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی انتظامی حدود کے لیے ڈیجیٹل بیس میپ، جغرافیائی ویب پورٹلز اور فیصلہ سازی کے نظام کے لیے جی آئی ایس پر مبنی ڈیٹا سیٹس تیار کرنے کے حوالے سے سپارکو اور جنرل سروے آف پاکستان سے تکنیکی معاونت حاصل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

علاوہ ازیں سی ڈی اے بورڈ نے سپریم کورٹ آف پاکستان کی عمارت میں فائر ڈیٹیکشن، فائر سپریشن، لائف سیفٹی اور ایچ وی اے سی سسٹمز کی تشخیص، بحالی، اپ گریڈیشن، ڈیزائننگ، خریداری اور تعمیر کے لیے سرکاری یا سرکاری ملکیت کے ادارے (ایس او ای) کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کی منظوری بھی دے دی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔