اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف سے مصر کے سفیر ڈاکٹر ایہاب عبد الحمید نے ملاقات کی۔ ملاقات میں مذہبی عدم برداشت کے بڑھتے رحجان ، دہشت گردی، اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ دنیا میں قیام امن کیلئے مذاہب اور تہذیبوں کے درمیان مکالمے کی اشد ضرورت ہے۔پاکستان اور مصر کو اس سلسلے میں مل کر کام کرنا چاہیے۔ ملاقات میں پاکستان اور مصر کے مابین اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ۔مصری سفیر ڈاکٹر ایہاب عبد الحمید نے کہا کہ پاکستان علما کو مصر بھیجے تاکہ وہ دنیا کی قدیم ترین درسگاہ جامعہ الازہر کے تجربات اور تعلیمات سے مستفید ہو سکیں۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے گزشتہ ماہ مصر کا دورہ کیا۔
مصر کی جانب سے جامعہ الازہر کے زیر نگرانی اسلام آباد میں جدید تعلیمی ادارہ قائم کرنے کی پیشکش کی گئی ہے۔وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے جامعہ الازہر کے زیر اہتمام اسلام آباد میں ادارہ قائم کرنے کی پیشکش کا خیر مقدم کیا ۔ملاقات میں انتہا پسندی و شدت پسندی کے خاتمے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
